لاہور میں شدید دھند، حدِ نگاہ متاثر، متعدد موٹرویز بند
موٹرویز بند
دھند کی شدت کے پیش نظر موٹروے پولیس نے مختلف مقامات پر موٹرویز کو بند کیا/ فائل فوٹو
لاہور (ویب ڈیسک):صوبائی دارالحکومت لاہور میں رات اور صبح کے اوقات میں شدید دھند نے ڈیرے جما لیے جس کے باعث حدِ نگاہ بری طرح متاثر ہو گئی۔ دھند کی شدت کے پیش نظر موٹروے پولیس نے مختلف مقامات پر موٹرویز کو بند کر دیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں درجہ حرارت میں کمی کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 22 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔ ماہرین کے مطابق آئندہ دنوں میں فوگ کے ساتھ ساتھ سموگ میں بھی مزید اضافے کا خدشہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بادل گرجنےکو تیار؟ محکمہ موسمیات نے بتا دیا

؂دوسری جانب فضائی آلودگی کے لحاظ سے لاہور ایک بار پھر دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں شامل ہو گیا ہے۔ ائیر کوالٹی انڈیکس 253 ریکارڈ کیا گیا جس کے باعث لاہور آج عالمی سطح پر آلودہ ترین شہروں میں دوسرے نمبر پر آ گیا۔ ماہرین صحت نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلنے اور ماسک کے استعمال کی ہدایت کی ہے۔

موٹروے پولیس کے مطابق دھند کے باعث موٹروے ایم 2 لاہور سے کوٹ مومن تک بند کر دی گئی ہے۔ اسی طرح لاہور سیالکوٹ موٹروے، موٹروے ایم 3 فیض پور سے درخانہ تک، موٹروے ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے ملتان تک جبکہ موٹروے ایم 5 ملتان سے روہڑی تک دھند کی وجہ سے بند ہے۔ ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ حدِ نگاہ کم ہونے کے باعث حادثات کے خدشے کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلے کیے گئے ہیں۔

محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ چند دنوں میں درجہ حرارت میں مزید کمی اور سردی میں اضافے کا امکان ہے، جبکہ فوگ اور سموگ کی صورتحال برقرار رہ سکتی ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ دورانِ سفر رفتار کم رکھیں، گاڑیوں کی فوگ لائٹس استعمال کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔