بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے مستحقین کیلئے بڑی خوشخبری
Benazir Income Support Program
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے تحت مستحق خاندانوں کیلئے ایک بڑی خوشخبری سامنے آ ئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے پروگرام کے بجٹ میں اضافے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کفالت پروگرام کی امدادی رقم مزید بڑھانے کی سفارش کر دی ہے۔

آئی ایم ایف کے مطابق پاکستان میں سماجی تحفظ کے اقدامات کو مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے، جس کیلئے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔

آئی ایم ایف کی رپورٹ میں کہا گیا کہ بین الاقوامی معیار کے مقابلے میں بے نظیر کفالت پروگرام کے تحت دی جانے والی رقم اب بھی کم ہے، تاہم حکومت کی جانب سے بجٹ میں اضافہ ایک مثبت قدم ہے۔

ادارے کے مطابق سماجی تحفظ کیلئے بی آئی ایس پی کے بجٹ کو مزید مستحکم کیا گیا ہے تاکہ کم آمدنی والے طبقے کی قوتِ خرید کو برقرار رکھا جا سکے۔

رپورٹس کے مطابق بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے بجٹ میں امدادی پروگراموں پر اخراجات میں 20 فیصد اضافہ شامل ہے، جس کے نتیجے میں کفالت پروگرام کے تحت دی جانے والی نقد امداد میں اضافہ کیا جائے گا۔

غیر مشروط نقد امداد کی رقم 13 ہزار 500 روپے سے بڑھا کر 14 ہزار 500 روپے کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جس سے لاکھوں مستحق خاندانوں کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا۔

یہ بھی پڑھیں:ڈرائیونگ کی عمر 16 سال کرنے کی تجویز، قرارداد جمع

آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ اس اضافے کے بعد کفالت پروگرام کی کوریج میں کم از کم 2 لاکھ نئے خاندان شامل ہونے کی توقع ہے، جبکہ مالی سال 2026 کے اختتام تک مستفید ہونے والے خاندانوں کی مجموعی تعداد 10.2 ملین تک پہنچ سکتی ہے۔

رپورٹ میں یہ بھی سفارش کی گئی ہے کہ 2026 میں نئے گھریلو سروے کے بعد امدادی رقم میں مزید اضافہ کیا جانا چاہیے۔

علاوہ ازیں آئی ایم ایف نے کفالت پروگرام کی رقم کو افراطِ زر کے مطابق ایڈجسٹ کرتے رہنے اور کنڈیشنل کیش ٹرانسفر پروگرام کی کوریج میں توسیع کی بھی سفارش کی ہے، تاکہ مستحق طبقے کو پائیدار ریلیف فراہم کیا جا سکے۔