موٹروے پولیس نے شہریوں کیلئے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور انتہائی مجبوری کی صورت میں احتیاطی تدابیر کے ساتھ سفر کریں۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق حدِ نگاہ انتہائی کم ہونے کے باعث موٹروے ایم ون پشاور سے رشکئی تک ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کر دی گئی ہے، اسی طرح موٹروے ایم فور گوجرہ سے عبدالحکیم تک بند ہے، جبکہ موٹروے ایم الیون لاہور سے سیالکوٹ تک بھی دھند کی شدت کے باعث ٹریفک معطل کر دی گئی ہے۔
موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ صبح کے اوقات میں دھند زیادہ شدید ہو جاتی ہے، جس سے حادثات کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔
ترجمان موٹروےپولیس کی جانب سے شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ اگر سفر ناگزیر ہو تو گاڑی کی رفتار کم رکھیں، فوگ لائٹس کا استعمال کریں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ برقرار رکھیں، ڈرائیور حضرات لین کی پابندی کریں اور غیر ضروری اوورٹیکنگ سے گریز کریں۔
یہ بھی پڑھیں:ڈرائیونگ کی عمر 16 سال کرنے کی تجویز، قرارداد جمع
دوسری جانب مسافروں کا کہنا ہے کہ موٹرویز کی بندش کے باعث انہیں متبادل راستوں کا انتخاب کرنا پڑ رہا ہے جس سے سفر کا دورانیہ بڑھ گیا ہے۔
موٹروے پولیس نے یقین دہانی کرائی ہے کہ دھند کی صورتحال بہتر ہونے پر سڑکوں کو مرحلہ وار ٹریفک کیلئے کھول دیا جائے گا۔
شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ سفر سے قبل موٹروے پولیس ہیلپ لائن 130 سے تازہ صورتحال معلوم کریں اور احتیاط کو اپنا شعار بنائیں۔