جڑواں شہروں میں میٹرو بس پھر دوڑ پڑی
Islamabad Metro Bus
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد اور راولپنڈی میں تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر معطل ہونے والی میٹرو بس سروس ملازمین اور انتظامیہ کے کامیاب مذاکرات کے بعد بحال کر دی گئی۔

جڑواں شہروں میں چلنے والی میٹرو بس سروس ملازمین کے احتجاج کے باعث چند گھنٹوں کے لیے معطل ہوگئی تھی تاہم نجی ٹھیکیدار اور متعلقہ حکام کے درمیان مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد سروس دوبارہ بحال کر دی گئی ہے۔

ملازمین نے آئی جے پی روڈ فیض آباد اسٹاپ کے قریب ٹریک پر احتجاج کرتے ہوئے کام چھوڑ ہڑتال کی تھی جس کے باعث بسوں کی آمد و رفت مکمل طور پر رک گئی اور روزانہ سفر کرنے والے ہزاروں مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

میٹرو بس سروس کے ملازمین نے کاؤنٹرز بھی بند کر دیے تھے، ملازمین کا کہنا ہے کہ میٹرو بس سروس کے متعلقہ ملازمین نجی ٹھیکیدار کے کنٹریکٹ پر ہیں، ٹھیکیدار عملہ کی جانب سے ہر ماہ تنخواہوں میں تاخیر اور چھ ہزار روپے کمیشن برداشت نہیں۔

یہ بھی پڑھیں:موٹروے پر خوفناک حادثہ، بس ہوسٹس جاں بحق، مسافر زخمی

صورتحال اس وقت معمول پر آئی جب سیکریٹری آر ٹی اے اسد عباس شیرازی نے کہا کہ نجی کمپنی کی یقین دہانی پر ملازمین نے ہڑتال ختم کر دی ہے، سیکرٹری آر ٹی اے اسد عباس شیرازی نے میٹرو بس انتظامیہ سے مسئلہ کو فوری طور پر حل کرنے کے لئے تنخواہوں کی فوری ادائیگی پر بات چیت کی اور انہوں نے کہا کہ نجی کمپنی کو ہدایات دی گئی ہیں کہ میٹرو بس سروس میں تعطل پیدا نہ ہو۔

اسد عباس شیرازی نے مزید کہا کہ انتظامیہ نے معاملے کو سنجیدگی سے لیا ہے اور ملازمین کی تنخواہوں کی بروقت ادائیگی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔