کالجز میں فری وائی فائی کی فراہمی کا اعلان
free wifi colleges punjab
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب میں اعلیٰ تعلیم کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے صوبے بھر کے سرکاری گرلز کالجز میں فری وائی فائی سروس باقاعدہ طور پر فراہم کر دی گئی۔

یہ سہولت وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایت پر متعارف کرائی گئی، جس کا مقصد طالبات کو ڈیجیٹل وسائل تک آسان اور تیز رسائی فراہم کرنا ہے۔

واضح رہے کہ نئی سروس کے آغاز سے طالبات کو آن لائن کلاس میٹریل، تحقیق، اسائنمنٹ کی تیاری اور ای لرننگ پلیٹ فارمز سے فائدہ اٹھانے میں نمایاں آسانی ملے گی۔

حکومتی حکام کے مطابق یہ اقدام صوبے میں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کی جانب ایک مثبت قدم ہے، جس سے طالبات کو عملی اور ڈیجیٹل دونوں طرح کی مہارتیں حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔

یہ بھی پڑھیں:این سی سی آئی اے کی کارکردگی پر سوالیہ نشان اٹھنے لگے

 

دوسری جانب طالبات نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فری وائی فائی کی فراہمی ان کیلئے ایک بڑی سہولت ہے، مریم نواز نے طالبات کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک بہترین قدم اٹھایا ہے، جس کی بدولت روزمرہ کی تعلیمی سرگرمیوں میں نمایاں بہتری آئے گی۔

کالج اساتذہ نے بھی اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ فری وائی فائی کی تنصیب کیلئے سیف سٹی اتھارٹی اور صوبائی حکومت کا تعاون قابلِ تعریف ہے، جدید سہولیات سے تعلیمی ماحول مزید مضبوط ہوگا اور طالبات کو بہتر تعلیمی مواقع میسر آئیں گے۔