خواتین کے لیے مفت پنک الیکٹرک اسکوٹیز کی رجسٹریشن کا آغاز
Pink EV Scooties
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) سینئر وزیرِ سندھ شرجیل میمن نے صوبے کی الیکٹرک اسکوٹر تقسیم اسکیم کے دوسرے مرحلے کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔

اس اسکیم کا مقصد ماحولیاتی طور پر بہتر ٹرانسپورٹ کے فروغ اور خواتین کی سفری سہولتوں میں اضافہ کرنے کی حکومتی کوششوں میں اہم قدم ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ ایک وسیع حکمتِ عملی کا حصہ ہے جس کا مقصد خواتین کو زیادہ محفوظ اور قابلِ اعتماد سفری سہولیات فراہم کرنا ہے، خاص طور پر شہری علاقوں میں جہاں ٹریفک جام اور محدود ٹرانسپورٹ کے باعث خواتین کی نقل و حرکت متاثر ہوتی ہے۔

حکام نے بتایا کہ الیکٹرک اسکوٹرز روایتی گاڑیوں کے مقابلے میں صاف اور زیادہ قابلِ رسائی متبادل فراہم کرتی ہیں اور صوبے کے گرین ٹرانسپورٹ اہداف میں معاون ثابت ہوں گی۔

سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے سکھر، شہید بے نظیر آباد اور حیدرآباد میں مفت پنک الیکٹرک اسکوٹیز کے لیے رجسٹریشن کا آغاز کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے مستحقین کیلئے اچھی خبر

اتھارٹی نے عوامی اعلانات میں تصدیق کی ہے کہ یہ اسکیم طالبات اور ورکنگ ویمن کے لیے کھلی ہے۔ پروگرام کے تحت مستفید ہونے والی خواتین کو سات دن کی مفت ٹریننگ دی جائے گی ساتھ ہی ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے میں مدد بھی فراہم کی جائے گی۔

شرجیل میمن نے کہا کہ دوسرا مرحلہ بڑی تعداد میں خواتین کو جدید الیکٹرک ٹرانسپورٹ اپنانے کے قابل بنائے گا جس سے وہ زیادہ خودمختاری اور حفاظت کے ساتھ سفر کر سکیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اس منصوبے کو خواتین کے بااختیار بنانے اور پائیدار ٹرانسپورٹ کے لیے ایک اہم سرمایہ کاری کے طور پر دیکھتی ہے۔