پی ٹی آئی کے رہنما سجاد حسین المعروف سجن خان کی شمولیت کا اعلان چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی موجودگی میں ہوا، جنہوں نے سجن خان کو پارٹی میں خوش آمدید کہا۔

دربارِ حضرت سلطان باہو کے گدی نشین صاحبزادہ نجیب سلطان نے بلاول بھٹو سے ملاقات کے دوران پیپلزپارٹی کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔ صاحبزادہ نجیب سلطان کا تعلق نہ صرف مذہبی اثر و رسوخ رکھنے والے خاندان سے ہے بلکہ ان کی حمایت کو اس خطے میں سیاسی تبدیلی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے جنوبی پنجاب میں پارٹی کی پوزیشن مزید مضبوط ہو گی۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کا جلد انٹراپارٹی انتخابات کے انعقاد کا فیصلہ
بریگیڈیئر ریٹائرڈ عاصم نواز، سابق سٹی ناظم طاہر اعوان اور دیگر مقامی رہنماؤں نے بھی بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی اور پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ بریگیڈیئر (ر) عاصم نواز کی شمولیت کو پیپلزپارٹی کی حکمتِ عملی کے لیے ایک بڑا فائدہ قرار دیا جا رہا ہے۔

یاد رہے چند روز قبل بھی پی ٹی آئی کے تحصیل صدر میجر (ر) طارق محمود نے ایک پریس کانفرنس کے دوران پارٹی چھوڑنے کا اعلان کر دیا تھا۔
سیاسی مبصرین کا خیال ہے کہ پیپلزپارٹی خاص طور پر جنوبی پنجاب میں اپنی انتخابی طاقت کو بڑھانے میں کامیاب ہو رہی ہے۔ مذہبی شخصیات، مقامی سیاسی رہنما اور سابق عسکری افسران کی شمولیت بلاول بھٹو کی قیادت میں پارٹی کی بڑھتی ہوئی مقبولیت اور سیاسی حکمتِ عملی کا مظہر ہے۔