حکومت کا عمران خان کی اڈیالہ جیل سے منتقلی پر غور
وفاقی حکومت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اڈیالہ جیل سے منتقلی پر غور شروع کر دیا۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) وفاقی حکومت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اڈیالہ جیل سے منتقلی پر غور شروع کر دیا۔

وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر اختیار ولی نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ حکومت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو کسی اور صوبے کی جیل میں منتقل کرنے پر غور شروع کردیا ہے۔

دوسری جانب وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ سکیورٹی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو کسی اور جیل منتقل کرنا کوئی انوکھی بات نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی منتقلی سے متعلق حکومت کے پاس آپشنز موجود ہیں جن پر غور کیا جارہا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف پر پابندی سے متعلق افواہوں پر بات کرتے ہوئے بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ پی ٹی آئی پر پابندی کے معاملہ پر کوئی بات وفاقی کابینہ میں زیر غور نہیں ہے ،پی ٹی آئی پر پابندی کی کوئی بات کابینہ میں آتی ہے تو یہ کابینہ کا استحقاق ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی سیاسی مفاہمت کیلئے ایک قدم بڑھنے کو تیار

وزیر مملکت کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات پر بات پوائنٹ آف نو رٹرن پر آ گئی ہے۔

ادھر سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ اپوزیشن حالات کو اس نہج پر لے گئی ہے جہاں سے شاید واپسی ناممکن ہے، اپوزیشن اگر مذاکرات کی میز پر آتی ہے تو یہ خوش آئند بات ہے، ہمارے دروازے مذاکرات کے لیے کھلے ہیں۔