پارٹی ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی سیاسی مفاہمت کے لیے ایک قدم آگے بڑھانے پر تیار ہو گئی، پی ٹی آئی نے پاکستان پیپلز پارٹی سے رابطے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے تحریک تحفظ آئین پاکستان کے پلیٹ فارم سے پیپلزپارٹی رابطہ کیا جائے گا،پیپلز پارٹی کو دو روزہ قومی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی جائے گی۔
پارٹی ذرائع کے مطابق مسلم لیگ نواز کو قومی کانفرنس میں شرکت کی دعوت نہیں دی جا رہی، قومی کانفرنس میں سیاسی ڈائیلاگ کا راستہ نکالنے پر غور کیا جائے گا، حکومت کو مذاکرات کے لئے اپوزیشن اتحاد کے سربراہ محمود خان اچکزئی سمیت سیاسی رفقاء کی عمران خان سے ملاقات کرانا ہو گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ترجمان پاک فوج نے بانی پی ٹی آئی کا نام لیے بغیر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایک سزا یافتہ شخص پاک فوج کے خلاف بیانیہ بنا رہا ہے، اس کی سیاست ختم ہو چکی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: شاہ محمود قریشی ہسپتال سے ڈسچارج، دوبارہ جیل منتقل
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ہم کسی کے ایجنڈے پر نہیں ملک کی حفاظت کیلئے کام کر رہے ہیں، مسلح افواج کی قیادت کو نشانہ بنانے والے قوم کے خیرخواہ نہیں، اپنی سیاست کو افواج پاکستان سے دور رکھیں۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری کا کہنا تھا کہ ملاقات کے بعد پاک فوج کے خلاف مسلسل بیانیہ آرہا ہے، اپنی ذات کیلئے فوج پر حملہ کرنے والوں کے ساتھ نمٹا جائے گا۔
ترجمان پاک فوج نے کہا تھا کہ اس شخص نے جی ایچ کیو پر حملہ کرایا تھا، آپ اقتدارمیں ہوں توجمہوریت،نہ ہوں تو آمریت؟ سیاسی شعبدہ باز کا وقت ختم ہو چکا ہے، ذہنی مریض کی پوری سیاست فوج کے خلاف ہے، یہ سکیورٹی تھریٹ ہے۔