ریسکیو ذرائع کے مطابق کراچی کے علاقہ ماڑی پور نالہ اسٹاپ کراؤن ٹائر مارکیٹ کے قریب نالے میں گرکر ایک شخص جاں بحق ہو گیا، جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت عبداللہ ولد محمد عمر کے نام سے ہوئی، جس کی عمر 42 سال کے قریب ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل 30 نومبر کو بھی ایک بچہ کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہو گیا تھا۔
عینی شاہدین کے مطابق ایک خاندان معروف ڈیپارٹمنٹل سٹور سے شاپنگ کر کے باہر نکلا ہی تھا کہ اچانک چھوٹا بچہ سڑک کی جانب بھاگا اور سٹور کے بالکل سامنے بغیر ڈھکن والے گٹر میں جاگرا، کئی گھنٹوں کی تلاش کے بعد کمسن بچے کی لاش اردو یونیورسٹی کے قریب سے ملی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: مین ہول میں گرنیوالے بچے کی لاش 15 گھنٹے بعد مل گئی
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق رواں سال کے دوران کراچی میں گٹروں اور نالوں میں گر کر 5بچوں سمیت 24 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ گٹر میں گر کر 11افراد کی حالت غیر ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں رواں سال کے دوران 13 افراد گٹر میں گر کر جان کی بازی ہار گئے جبکہ 11 افراد نالے میں گر کر جاں بحق ہوئے۔
کھلے مین ہولز اور نالوں میں گر کر جاں بحق ہونے سے قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع کراچی کی انتظامیہ کی ناقص کارکردگی کا کھلا ثبوت ہے۔