شاہ محمود قریشی ہسپتال سے ڈسچارج، دوبارہ جیل منتقل
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین و سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا۔
فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین و سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا۔

سینئر رہنما پاکستان تحریک انصاف کے وکیل رانا مدثر نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں بتایا کہ شاہ محمود قریشی کو دوبارہ کوٹ لکھپت جیل میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شاہ محمود قریشی پتے کی سرجری کے لیے پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ (پی کے ایل آئی ) میں زیر علاج تھے ، شاہ محمود قریشی کو طبیعت میں بہتری کے بعد ہسپتال سے ڈسچارج کیا گیا۔

وکیل رانا مدثر نے بتایا کہ شاہ محمود قریشی کے ٹیسٹ کیے گئے جن کی رپورٹس آئندہ 15 روز میں آئے گی۔

واضح رہے کہ وائس چیئرمین پاکستان تحریک انصاف شاہ محمود قریشی نو مئی کے مقدمات کے سلسلے میں کوٹ لکھپت جیل لاہور میں قید ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: شاہ محمود قریشی کی عمران خان کو مفاہمت کی تجویز

یاد رہے کہ سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی گزشتہ ایک ماہ سے زائد عرصہ سے پی کے ایل آئی میں زیر علاج تھے، اس موقع پر سابق پی ٹی آئی رہنماؤں فواد چودھری ، عمران اسماعیل اور محمود مولوی نے ملاقات بھی کی تھی۔

ملاقات کے دوران ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر بات چیت کی گئی اور اس ملاقات کے بعد سابق پی ٹی آئی رہنما ؤں نے بانی تحریک انصاف عمران خان کی رہائی کے لیے تحریک شروع کرنے کا عندیہ بھی دیا تھا۔

بعدازاں مرکزی سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سلمان اکرم راجہ نے بھی سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے پی کے ایل آئی میں ان کی عیادت کی تھی۔