سیکرٹری جنرل قومی اسمبلی طاہر حسین مستعفی
سیکرٹری جنرل قومی اسمبلی طاہر حسین
قومی اسمبلی کے سیکرٹری جنرل طاہر حسین نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا/ فائل فوٹو
اسلام آباد (ویب ڈیسک): قومی اسمبلی کے سیکرٹری جنرل طاہر حسین نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے باقاعدہ طور پر منظور بھی کر لیا۔

پارلیمانی ذرائع کے مطابق طاہر حسین نے اپنا استعفیٰ ذاتی وجوہات کی بنیاد پر جمع کرایا تھا، جسے قبول کرتے ہوئے اس کا اطلاق یکم جنوری 2026 سے مؤثر قرار دے دیا گیا ہے۔

طاہر حسین طویل عرصے سے پارلیمانی امور کے ایک فعال اور تجربہ کار افسر کے طور پر خدمات سرانجام دے رہے تھے۔ بطور سیکرٹری جنرل قومی اسمبلی، انہوں نے نہ صرف مختلف پارلیمانی سیشنز کی کامیاب نگرانی کی بلکہ قانون سازی کے عمل کو شفاف اور مؤثر بنانے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ ان کی پیشہ ورانہ مہارت اور انتظامی صلاحیتوں کو مختلف سیاسی جماعتوں کے ارکان نے وقتاً فوقتاً سراہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: تلنگانہ میں سال 2026 کی چھٹیوں کا اعلان

ذرائع کے مطابق سیکرٹری جنرل کے منصب سے سبکدوشی کا فیصلہ اچانک نہیں بلکہ اہلِ خانہ سے مشاورت کے بعد کیا گیا۔ استعفے میں انہوں نے تحریر کیا کہ ذاتی وجوہات کے باعث اب وہ اپنے عہدے کی ذمہ داریاں پوری توجہ اور یکسوئی کے ساتھ انجام نہیں دے سکتے، اس لیے مناسب سمجھتے ہیں کہ منصب کسی ایسے اہل افسر کے سپرد کیا جائے جو یہ فرائض بھرپور انداز میں انجام دے سکے۔

واضح رہے کہ قومی اسمبلی کا سیکرٹری جنرل وہ کلیدی عہدہ ہے جو ایوان کے مکمل انتظامی ڈھانچے، قانون سازی کے عمل، اجلاسوں کی تیاری، اراکین کی معاونت، اور حکومتی و اپوزیشن بینچز کے درمیان رابطے میں مرکزی کردار ادا کرتا ہے۔ ایسے میں طاہر حسین کا استعفیٰ پارلیمانی انتظامی ڈھانچے میں ایک اہم پیشرفت سمجھی جا رہی ہے۔