سابق ن لیگی چیئرمین پر قاتلانہ حملہ
Aamir Farooq attack,
Aamir Farooq attack
لاہور: (ویب ڈیسک) نون لیگی سابق چیئرمین عامر فاروق پر قاتلانہ حملے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جس میں وہ تو محفوظ رہے تاہم ان کا بھتیجا اور دو بھائی شدید زخمی ہوگئے۔

حملہ آور فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جبکہ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔

سابق چیئرمین عامر فاروق نے پولیس کو بتایا کہ قاتلانہ حملہ ان کے گھر کے باہر اس وقت کیا گیا جب وہ باہر موجود تھے، حملہ مبینہ طور پر ملک اقبال اور اس کے ساتھیوں نے کیا، جو علاقے میں منشیات فروشی اور جوئے کے اڈے چلاتے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ جب انہوں نے منشیات فروشی اور جوئے کے دھندے سے باز رہنے کا کہا تو ملزمان نے ان پر قاتلانہ حملے کی منصوبہ بندی کی۔

فائرنگ کے نتیجے میں عامر فاروق کا بھتیجا عون علی گولی لگنے سے زخمی ہوا جبکہ ان کے دو بھائی احمد فاروق اور تنویر فاروق بھی شدید زخمی ہوئے، زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:سینیٹر خرم ذیشان کے سسرال کے گھر پر حملہ، ملازم زخمی

پولیس نے عامر فاروق کی درخواست پر اقدام قتل سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا، انوسٹی گیشن ونگ نے شواہد اکٹھے کرلیے اور ملزمان کی گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیم بھی تشکیل دے دی ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کو جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔