سینیٹر خرم ذیشان کے سسرال کے گھر پر حملہ، ملازم زخمی
صوبائی دارالحکومت پشاور میں پی ٹی آئی سینیٹر خرم ذیشان کے سسرال کے گھر پر نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں گھریلو ملازم گولی لگنے سے شدید زخمی ہو گیا۔
فائل فوٹو
پشاور: (ویب ڈیسک) صوبائی دارالحکومت پشاور میں پی ٹی آئی سینیٹر خرم ذیشان کے سسرال کے گھر پر نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں گھریلو ملازم گولی لگنے سے شدید زخمی ہو گیا۔

نجی ٹی وی رپورٹ کے مطابق فائرنگ کا افسوسناک واقعہ پشاور کے تھانہ تاتارا کی حدود حیات آباد میں پیش آیا جہاں تحریک انصاف کے سینیٹر خرم ذیشان کے سسر کے گھر پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی، جس سے علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

رپورٹ کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں گھریلو ملازم گولی لگنے سے شدید زخمی ہوگیا جبکہ گھر کو بھی نقصان پہنچا، پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف فائرنگ کا مقدمہ درج کرلیا ۔

ایف آئی آر کے مطابق فائرنگ کا واقعہ فیز 2 سیکٹر ایچ 3 میں پیش آیا جہاں اظہر حسین بخاری نے پولیس کو رپورٹ کی کہ وہ گھر میں موجود تھے اس دوران ہمارے گھر پر نامعلوم افراد نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان سے ملاقات کے دن دفعہ 144 نافذ

ایف آئی آر میں کہا گیا کہ نامعلوم افراد کی فائرنگ سے گھریلو ملازم ابصار احمد گولی لگنے سے شدید زخمی ہوا اور گولیاں لگنے سے گھر اور سامان کو بھی نقصان پہنچا، ہمارا کسی سے کوئی تنازع نہیں ہے۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی حیات آباد محمد جنید کھرل ایس ایچ او سمیت دیگر افسران کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچے اور علاقے کو گھیرے میں لیا جبکہ پولیس نے شواہد اکٹھے کیے۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوعہ سے 20 سےزائد گولیوں کے خالی خول برآمد کرکے مقدمہ درج کر لیا اور مزید تفتیش شروع کر دی ۔