بھارت کسی گمان میں نہ رہے، آئندہ جواب زیادہ شدید ہو گا: فیلڈ مارشل
فیلڈ مارشل و آرمی چیف سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ بھارت کسی خود فریبی یا گمان کا شکار نہ رہے، اگلی بار پاکستان کا جواب اس سے بھی برق رفتار اور شدید ہو گا۔
فیلڈ مارشل جی ایچ کیو میں تقریب سے خطاب کررہے ہیں
راولپنڈی: (سنو نیوز) فیلڈ مارشل و آرمی چیف سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ بھارت کسی خود فریبی یا گمان کا شکار نہ رہے، اگلی بار پاکستان کا جواب اس سے بھی برق رفتار اور شدید ہو گا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جی ایچ کیو راولپنڈی میں چیف آف آرمی سٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز کو تینوں سروسز کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے تقریب میں تینوں مسلح افواج کے افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم اور مسلح افواج نے معرکہ حق میں غیر معمولی جرات اور ثابت قدمی دکھائی ، انہوں نے معرکۂ حق کے ملٹی ڈومین آپریشنز کو مستقبل کی جنگوں کے لیے نصابی مثال قرار دیا۔

چیف آف ڈیفنس فورسز نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء ہمیشہ ہمارا فخر رہیں گے ،سائبر اسپیس، الیکٹرو میگنیٹک اسپیکٹرم اور آؤٹر اسپیس میں ابھرتے خطرات سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی ناگزیر ہے۔

فیلڈ مارشل نے مصنوعی ذہانت اور کوانٹم کمپیوٹنگ سمیت نئی ٹیکنالوجیز پر افواج کو ہم آہنگ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

یہ بھی پڑھیں: وفاقی و صوبائی حکومتوں سے تعاون جاری رکھا جائیگا، فیلڈ مارشل

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ نیا قائم شدہ سی ڈی ایف ہیڈ کوارٹرز مستقبل کے خطرات کے مقابلے کے لیے تینوں افواج میں ہم آہنگی کو یقینی بنائے گا، مسلح افواج کو ایک ثقافتی طور پر جدید اور مکمل جنگی تیاری والی فوج میں تبدیل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ نئے قائم ہونے والے ڈیفنس فورسز ہیڈ کوارٹرز میں بنیادی تبدیلی تاریخی ہے، بڑھتے اور بدلتے ہوئے خطرات کے پیشِ نظر ضروری ہے کہ ہم ملٹی ڈومین آپریشنز کو تینوں افواج کے متحد نظام کے تحت مزید بہتر کریں، ڈیفنس فورسز ہیڈ کوارٹرز کا قیام اس تبدیلی کی جانب ایک ضروری قدم ہے۔

سید عاصم منیر نے کہا کہ ہر سروس اپنی آپریشنل تیاریوں کیلئے اپنی انفرادیت برقرار رکھے گی، ڈیفنس فورسز کا ہیڈکوارٹر سروسز کے آپریشن کو مربوط اور ہم آہنگ کرے گا، بالا کمانڈ کی یکجہتی کے ساتھ ساتھ تینوں افواج اپنی اندرونی خود مختاری اور تنظیمی ڈھانچہ برقرار رکھیں گی۔

فیلڈ مارشل کا کہنا تھا کہ بھارت کسی خود فریبی یا گمان کا شکار نہ رہے ، اگلی بار پاکستان کا جواب اس سے بھی برق رفتار اور شدید ہو گا، طالبان رجیم کو واضح پیغام دیا گیا ہے کہ ان کے پاس فتنہ الخوارج یا پاکستان میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنے کے علاوہ کوئی آپشن نہیں۔

آرمی چیف نے کہا کہ میں اس بات کا اعادہ کرتا ہوں کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے تاہم کسی کو بھی پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت پر آنچ اور ہمارے عزم کو آزمانے کی اجازت نہیں دی جائے گی ، تمام یہ جان لیں کہ پاکستان کا تصور ناقابل تسخیر ہے اور اس کی حفاظت ایمان سے سرشار جانبازوں اور متحد قوم کے پختہ عزم نے کر رکھی ہے۔

تقریب میں معرکہ حق میں بہادری دکھانے والے پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کے ہیروز کو اعزازات بھی دیے گئے۔