وفاقی و صوبائی حکومتوں سے تعاون جاری رکھا جائیگا: فیلڈ مارشل
آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر
نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء نے جی ایچ کیو میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی/ فائل فوٹو
راولپنڈی: (سنو نیوز) آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ ہر پاکستانی کی حفاظت اور ملکی سرحدوں کا دفاع اولین ترجیح ہے، وفاقی و صوبائی حکومتوں سے تعاون جاری رکھا جائے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا اور آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی جس میں شرکاء کو علاقائی و داخلی سیکیورٹی صورتحال پر جامع بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر فیلڈر مارشل سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ خطہ جیو پولیٹیکل مقابلے، دہشتگردی اور ہائبرڈ خطرات سے دوچار ہے، چیلنجز کے باوجود مسلح افواج کا عزم و پیشہ ورانہ صلاحیت برقرار ہے، پاکستان ایک اہم ملک ہے، دنیا میں اپنا مقام حاصل کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں: "فیض حمید کا کورٹ مارشل قانونی عمل، قیاس آرائیوں سے گریز کیاجائے"

فیلڈ مارشل سید عاصم نے کہا کہ معرکہ حق میں مسلح افواج کے کردار نے عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بڑھایا، ہماری اصل قوت قومی یکجہتی ہے، دشمن کے ناپاک عزائم کو مل کر ناکام بنائیں گے، پائیدار امن اور استحکام کے لیے قومی ہم آہنگی ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ بیرونی حمایت یافتہ دہشتگردی اور معلوماتی جنگ نئے محاذ ہیں، ہر شہری کی حفاظت اور سرحدی سلامتی ہماری اولین ترجیح ہے، پاکستان کی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، پائیدار امن و استحکام کیلئے وفاقی و صوبائی حکومتوں سے تعاون جاری ہے،نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کا پروگرام مختلف شعبوں کے نمائندوں کو یکجا کرتا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شرکاء کو سمگلنگ، منشیات اور منظم جرائم کے خلاف اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ غیر قانونی غیر ملکیوں کی واپسی اور بارڈر کنٹرول پر اپ ڈیٹس بھی فراہم کیں گئیں۔