پیدا ہونے والے بچوں کی رجسٹریشن اب نادرا فوری کرے گا
hospital birth registration by NADRA
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) محکمہ بلدیات نے فیصلہ کیا ہے کہ اب سرکاری اور نجی ہسپتالوں میں پیدا ہونے والے بچوں کی رجسٹریشن نادرا کے ذریعے فوری طور پر کی جائے گی۔

اس اقدام کا مقصد بچوں کی پیدائش کے ریکارڈ میں تاخیر کو ختم کرنا اور والدین کو سہولت فراہم کرنا ہے۔

رپورٹس کے مطابق محکمہ بلدیات نے محکمہ صحت اور نادرا کے تعاون سے ایک جامع پلان تیار کیا ہے، جس کے تحت ہر ہسپتال میں پیدائش کے فوراً بعد بچے کی رجسٹریشن کی کارروائی شروع کی جائے گی، والدین کو اب پیدائش کے سرٹیفکیٹ کیلئے الگ سے وقت ضائع کرنے یا دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔

محکمہ بلدیات کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف بچوں کی رجسٹریشن وقت پر مکمل ہو گی بلکہ سرکاری ریکارڈ میں بھی شفافیت اور درستگی آئے گی۔

اس اقدام پر شہریوں کا کہنا ہے کہ والدین کیلئے بھی یہ سہولت بڑی اہمیت کی حامل ہے کیونکہ نادرا کے ذریعے رجسٹریشن کے بعد بچے کے شناختی کارڈ اور دیگر قانونی دستاویزات کے حصول کا عمل آسان ہو جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:سرکاری ملازمین کو ایک اضافی تنخواہ دینے کا اعلان

واضح رہے کہ اس طرح کی فوری رجسٹریشن کا نظام بچوں کے حقوق کے تحفظ میں بھی مددگار ثابت ہوگا اور مستقبل میں تعلیم، صحت اور دیگر سرکاری سہولیات کیلئے بھی بچے کی قانونی شناخت فوری دستیاب ہوگی۔

محکمہ بلدیات نے ہسپتالوں کے انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ نادرا کے نمائندوں کے ساتھ تعاون کریں تاکہ یہ نظام مؤثر طریقے سے نافذ ہو سکے اور والدین کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے۔