سرکاری ملازمین کو ایک اضافی تنخواہ دینے کا اعلان
AJK employees bonus
فائل فوٹو
مظفر آباد: (ویب ڈیسک) آزاد جموں و کشمیر کے سرکاری ملازمین خصوصاً اسکیل ایک کے ملازمین کیلئے خوشی کی خبر آگئی۔

صدر آزاد کشمیر نے اسکیل ون کے تمام سرکاری ملازمین کو ایک اضافی بنیادی تنخواہ کے برابر اعزازیہ دینے کی باضابطہ منظوری دے دی، جس کے بعد متعلقہ ملازمین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔

یہ منظوری آزاد کشمیر کابینہ کے حالیہ اجلاس میں کیے گئے فیصلے کی روشنی میں دی گئی، جس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا تھا کہ کم آمدنی والے ملازمین کو ریلیف فراہم کرنا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

صدر آزاد کشمیر کی جانب سے منظوری کے بعد متعلقہ محکموں کو ہدایت جاری کردی گئی کہ اس اعزازیہ کی ادائیگی کو فوری طور پر یقینی بنایا جائے۔

واضح رہے کہ آزاد کشمیر کے نو منتخب وزیراعظم راجا فیصل ممتاز راٹھور نے اپنے پہلے سرکاری خطاب میں اسکیل ایک کے ملازمین کیلئے ایک اضافی بنیادی تنخواہ دینے کا اعلان کیا تھا۔

وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں کہا تھا کہ کم گریڈ ملازمین ریاست کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، ان کی فلاح و بہبود حکومت کی ذمہ داری ہے۔

یہ بھی پڑھیں:موبائل ڈیٹا اور کال پیکجز کی بڑھتی قیمتیں، اہم اجلاس طلب

اپنے پہلے خطاب میں وزیراعظم راجا فیصل ممتاز راٹھور نے اسکیل ایک کے تمام عارضی ملازمین کو مستقل کرنے کا بڑا اعلان بھی کیا تھا، جسے ملازمین نے موجودہ حکومت کا تاریخی قدم قرار دیا ہے۔

دوسری جانب ملازمین کی جانب سے امید ظاہر کی گئی ہے کہ حکومت مستقبل میں بھی معاشی مشکلات میں گھِرے طبقات کیلئے ایسے ہی ریلیف دینے کیلئے اقدامات جاری رکھے گی۔