سموگ میں اضافہ، بچوں اور بزرگوں کیلئے خصوصی ایڈوائزری جاری
smog health advisory Pakistan
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) وفاقی دارالحکومت میں سموگ اور فضائی آلودگی کی شدت میں مسلسل اضافہ ہونے کے بعد ضلعی محکمۂ صحت نے بچوں، بزرگوں اور دائمی بیماریوں میں مبتلا افراد کیلئے احتیاطی ایڈوائزری جاری کر دی۔

ماہرینِ صحت کے مطابق فضائی آلودگی میں موجود مضر ذرات سانس، دل اور آنکھوں کے امراض میں تیزی سے اضافہ کر سکتے ہیں، جبکہ کمزور قوتِ مدافعت رکھنے والے افراد کیلئے یہ صورتحال زیادہ خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔

ضلعی ہیلتھ آفس (ڈی ایچ او) کی جانب سے جاری ایڈوائزری میں شہریوں کو غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کی ہدایت کی گئی، خاص طور پر بچوں، بزرگوں، دمے، دل اور سانس کے مریضوں کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ سموگ کے اوقات میں گھروں سے باہر کم نکلیں اور بیرونی سرگرمیوں کو محدود رکھیں۔

ایڈوائزری میں مزید کہا گیا کہ گھروں اور دفاتر کی کھڑکیاں اور دروازے بند رکھے جائیں تاکہ آلودہ ہوا اندر نہ آسکے، شہریوں کو ماسک کے باقاعدہ استعمال، دھوئیں والے ماحول سے دور رہنے اور زیادہ پانی پینے کا مشورہ بھی دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:آج ملک بھر میں موسم کیسا رہے گا؟

محکمہ صحت کی جانب سے شہریوں کو ہدایت کی گئی کہ آنکھوں میں جلن کی صورت میں صاف پانی سے دھوئیں اور سانس لینے میں دشواری یا کسی بھی شدید علامت کی صورت میں فوری طور پر قریبی اسپتال یا ڈاکٹر سے رابطہ کریں۔

ایڈوائزری میں ٹریفک میں غیر ضروری سفر سے پرہیز کی بھی اپیل کی گئی، کیونکہ گاڑیوں کے دھوئیں سے فضائی آلودگی مزید بڑھ رہی ہے۔