آج ملک بھر میں موسم کیسا رہے گا؟
cold weather forecast Pakistan
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) محکمہ موسمیات نے پیر کے روز ملک کے بالائی علاقوں میں سخت سردی اور جزوی ابرآلود موسم کی پیش گوئی کر دی، جبکہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے متعدد اضلاع میں دھند اور سموگ کی صورتحال برقرار رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابرآلود رہے گا، جبکہ صبح اور رات کے اوقات میں درجہ حرارت مزید نیچے جانے کی توقع ہے۔ بالائی پہاڑی علاقوں میں موسم کی شدت کے باعث معمولاتِ زندگی بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ آج ریکارڈ کیے گئے کم سے کم درجہ حرارت میں لہہ منفی 7، سکردو منفی 5، جبکہ گوپس اور گلگت میں منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ شامل ہیں۔

اسلام آباد اور گردونواح میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے، شہر میں رات کے اوقات میں ٹھنڈ خاصی بڑھنے کے باعث شہریوں کو اضافی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا، تاہم پشاور، نوشہرہ، مردان، صوابی، چارسدہ اور ڈی آئی خان میں صبح اور رات کے وقت دھند پڑنے کا امکان ہے، جو ٹریفک کی روانی کو متاثر کرسکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:مظفرآباد اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے

پنجاب کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں سموگ اور دھند کی شدت برقرار رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، شیخوپورہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، ساہیوال، خانیوال، ملتان، لیہ اور بہاولپور میں شہری سموگ سے متاثر ہوسکتے ہیں۔

محکمہ صحت نے شہریوں کو ماسک اور چشمے کے استعمال کی ہدایت کی ہے، مری اور گلیات میں سردی کی شدت مزید بڑھنے کا امکان ہے۔

بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ شمالی علاقوں میں رات کے وقت شدید سردی پڑنے کی توقع ہے، سندھ میں موسم مجموعی طور پر خشک اور قدرے سرد رہے گا۔