ٹرانسپورٹرز کا 8 دسمبر کو ملک گیر ہڑتال کا اعلان
Pakistan transport strike
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں ٹرانسپورٹروں کی جانب سے شروع کی گئی ہڑتال کا دائرہ کار مزید وسیع ہوگیا۔

لوکل ٹرانسپورٹرز، آئل ٹینکرز مالکان اور گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے بھی 8 دسمبر کی ملک گیر ہڑتال میں مکمل شمولیت کا اعلان کردیا، جس کے بعد ٹرانسپورٹ سیکٹر میں شدید بے چینی پیدا ہوگئی ہے۔

لوکل ٹرانسپورٹرز کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ وہ 8 دسمبر کے دمادم مست قلندر ہڑتال میں ملک بھر کے ٹرانسپورٹروں کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔

ٹرانسپورٹ آف گڈز ایسوسی ایشن نے بھی ہڑتال کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے حالات اس حد تک خراب کردیئے ہیں کہ احتجاج کے سوا کوئی راستہ باقی نہیں بچا۔

طارق گجر نے مختلف ٹرانسپورٹ تنظیموں کے نمائندوں سے ملاقات کے دوران ہڑتال میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں ڈرائیوروں پر بلاجواز ایف آئی آر درج کی جارہی ہیں اور گاڑیوں کو بند کیا جارہا ہے، جس کے باعث ٹرانسپورٹرز شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کہ پیر کی شام سے کراچی کی تمام بندرگاہوں پر ٹرانسپورٹ کا کام مکمل بند کر دیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:سرکاری ملازمین کو ایک اضافی تنخواہ دینے کا اعلان

شہزاد اعوان نے دعویٰ کیا کہ موٹر وہیکل آرڈیننس میں کی گئی ترمیم کی آڑ میں ہزاروں ڈرائیورز کیخلاف مقدمات قائم کیے جا چکے ہیں، جبکہ پنجاب کے ہر تھانے میں ٹرانسپورٹرز کی درجنوں گاڑیاں بند کھڑی ہیں، یہ تمام کارروائیاں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے حکم پر کی جارہی ہیں۔

آئل ٹینکرز کے سینئر وائس چیئرمین نے کہا کہ پنجاب حکومت ٹرانسپورٹرز پر ظلم فوری بند کرے، جبکہ خانزادہ خان محسود نے مطالبہ کیا کہ حکومت ٹرانسپورٹ سیکٹر کو تباہی اور دیوالیہ پن سے بچانے کیلئے فوری اقدامات کرے۔