ایک اور معصوم بچہ کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق
Lodhran child death open manhole accident
فائل فوٹو
لودھراں :(ویب ڈیسک) لودھراں کے علاقے دھنوٹ میں ایک المناک حادثے میں 7 سالہ بچہ ریحان کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہو گیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق بچہ اپنے والد کے ساتھ ناشتہ کرنے آیا تھا اور والد کے پیچھے چلتے ہوئے اچانک مین ہول میں گر گیا۔

پولیس نے واقعے کے بعد مقدمہ درج کر لیا، ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ حادثہ زیر تعمیر سڑک کے علاقے میں پیش آیا۔ پولیس نے مقدمہ ٹھیکدار اور سب انجینئر کیخلاف درج کیا ہے، جن پر مبینہ طور پر حفاظتی اقدامات میں غفلت کا الزام ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اس سانحے پر گہرے غم اور شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے فوری طور پر لودھراں کے ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) کو عہدے سے ہٹا دیا۔

مریم نواز نے سوگوار خاندان سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ کسی معصوم جان کو سرکاری افسر کی غفلت کی بھینٹ نہیں چڑھنے دیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:اولمپئن ایتھلیٹ عبدالرشید دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے

دوسری جانب حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات میں یہ دیکھا جائے گا کہ مین ہول کے ارد گرد حفاظتی اقدامات کیوں موجود نہیں تھے، ذمہ داران کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

سانحے کے بعد مقامی لوگ شدید غم و غصے کا اظہار کر رہے ہیں، مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ شہر کے تمام مین ہولز کی فوری جانچ اور حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔