حج 2026: عازمین کو مکمل ڈیٹا جمع کرانے کی ہدایت
Hajj 2026 advisory
فائل فوٹو
(ویب ڈیسک): وزارت مذہبی امور نےعازمین حج کو تنبیہ کی ہے درست تصاویر، پاسپورٹ اور میڈیکل دستاویزات جمع نہ کروانے پر ویزا تاخیر یا مسئلہ ہوسکتا ہے۔

وزارتِ مذہبی امور نے حج 2026 کے عازمین کے لیے ہنگامی ہدایت نامہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ تمام عازمین اپنی مکمل اور درست معلومات12 دسمبر سے پہلے نامزد بینک شاخوں میں جمع کرائیں کیونکہ غلط یا نامکمل معلومات ویزے کے اجرا میں تاخیر یا مسئلے کا سبب بن سکتی ہیں۔

وزارت کے مطابق تمام عازمین کو مقررہ وقت میں اپنی تصویر، پاسپورٹ، اور میڈیکل سرٹیفکیٹ متعلقہ بینک شاخ میں جمع کرانا لازمی ہے۔ حکام نے زور دیا ہے کہ ذاتی معلومات، دستاویزات یا تصاویر میں کسی بھی قسم کی غلطی حج ویزا کے عمل میں رکاوٹ بن سکتی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ عازمین کو چاہیے کہ وہ تمام معلومات سعودی ویزا شرائط کے مطابق فراہم کریں تاکہ انتظامی تاخیر سے بچا جا سکے۔

وزارت نے خبردار کیا ہے کہ اگر کسی عازم کا ڈیٹا غلط ہوا تو اس کا حج ویزا تاخیر کا شکار ہوسکتا ہے، اور بعض کیسز میں ویزا منسوخ بھی ہو سکتا ہے۔ بینک عملہ دستاویزات کا جائزہ لے گا اور اگر تصویر یا میڈیکل سرٹیفکیٹ سعودی ہدایات کے مطابق نہ ہوا تو عازمین سے رابطہ کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت کا پاسپورٹ درخواستوں کے لیے نیا نظام متعارف

عازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ بینک کی کال یا میسج ملتے ہی درست دستاویزات فوراً دوبارہ جمع کروائیں۔

حکام نے واضح کیا ہے کہ اگر ویزا پراسیسنگ کے دوران غلط تصویر یا غلط تصدیق جمع کرائی گئی تو ویزا جاری نہیں کیا جائے گا۔

حج پراسیسنگ میں شامل بینک شاخیں سعودی دستاویزی اصولوں پر سختی سے عمل کریں گی۔ اسٹاف عازمین کو کسی غلطی کی صورت میں آگاہ کرے گا اور درست معلومات جمع کرانے میں رہنمائی کرے گا۔

وزارت نے دوبارہ واضح کیا کہ درست معلومات فراہم کرنے کی ذمہ داری خود عازمین پر عائد ہوتی ہے اورغلط دستاویزات نہ صرف ویزا میں تاخیر کا باعث بنتی ہیں بلکہ منسوخی کے امکانات بھی بڑھا دیتی ہیں۔