خیبرپختونخوا کا وزیراعلیٰ وفاق اور پنجاب پر حملہ آور ہوا:مریم نواز
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز
گوجرانوالہ میں ماس ٹرانزٹ سسٹم کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز خطاب کرتے ہوئے/ فائل فوٹو
(ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا ہے کہ معرکہ حق میں کامیابی سے لیکر مہنگائی میں کمی تک ہر شعبے پر شہباز شریف کی مہر ہے۔

گوجرانوالہ میں ماس ٹرانزٹ سسٹم کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوا زشریف کی میراث آج پنجاب میں جاری ہے، گوجرانوالہ میں ماس ٹرانزٹ کا کام آج شروع ہو رہا ہے، وزیراعظم کا شکریہ کہ انہوں نے گوجرانوالہ آنے کیلئے وقت نکالا، نواز شریف کے ویژن سے سیکھ کر ترقیاتی منصوبے شروع کیے، چند دنوں میں فیصل آباد میں میٹرو منصوبے کا آغاز کیا جائے گا۔

مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب کے ہر ترقیاتی منصوبے پر نواز شریف اور شہباز شریف کی مہر ہے، پنجاب میں انفرا سٹرکچر، صحت، تعلیم اور ترقیاتی منصوبے جاری ہیں، پاکستان کی معیشت ڈیفالٹ کے خطرے سے نکل کر مستحکم ہو رہی ہے، ڈیفالٹ کی خواہش کرنے والوں کو منہ کی کھانا پڑی۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا پشاور جلسے کے حوالے سے اہم پیغام

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ 40 فیصد مہنگائی سے 4 فیصد تک کمی آئی ہے، پنجاب میں سی پیک، میٹر و بس، اورنج لائن، تعلیم و ٹیکنالوجی میں ترقی ہو رہی ہے، معرکہ حق میں کامیابی سے لیکر مہنگائی میں کمی تک ہر شعبے پر شہباز شریف کی مہر ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ میانوالی اور گجرات میں بنیادی ترقیاتی منصوبے جاری ہیں، میانوالی اور گجرات آج ترقی کی جانب گامزن ہیں، انہوں نے کہا کہ بارش کے پانی کے مسائل حل، سڑکیں اور گرین لائن منصوبے جاری ہیں، ستھرا پنجاب، ماڈل ویلجز اور سیوریج منصوبے پنجاب بھر میں جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں 12 سال سے برسراقتدار حکومت کی کارکردگی صفر ہے، خیبر پختونخوا کی عوام نے جھوٹ کی سیاست کو خیر آباد کہ کر ن لیگ کو ووٹ دیا، خیبر پختونخوا کا ایک وزیراعلیٰ وفاق اور پنجاب کی سرکاری مشینری پر حملہ آور ہوا۔
مریم نواز نے مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اڈیالہ کے باہر بیٹھنے کے بجائے صوبے کی ترقی پر توجہ دے، ہمیں اڈیالہ جیل کے باہر بیٹھنے کا نہیں، عوام کی خدمت کا مینڈیٹ ملا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوا ز نے کہا کہ پنجاب میں اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت ایک لاکھ گھر زیر تعمیر ہیں، ہزاروں کی تعداد میں اپنا گھر منصوبے کے تحت گھر مکمل ہو رہے ہیں، ستھرا پنجاب دنیا کا سب سے بڑا منصوبہ بن چکا ہے، فوربز میگزین نے بھی ستھرا پنجاب پروگرام کی پذیرائی کی، ستھرا پنجاب پروگرام کے 50 ہزار ٹن کوڑا اٹھا چکے ہیں، پر ضلع میں ستھرا پنجاب کی ٹیم کے پاس اپنی مشینری موجود ہے۔