ڈگری کی تصدیق کرانیوالے طلبہ کیلئے بڑی خوشخبری
ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی)
ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے ڈگری اٹیسٹیشن کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلیے کام شروع کر دیا/ فائل فوٹو
اسلام آباد (ویب ڈیسک): ڈگری کی تصدیق کے حوالے سے پریشان طلبہ کی آسانی کیلیے اس عمل کو آن لائن کرنے کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہوگئیں۔

رپورٹ کے مطابق ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے ڈگری اٹیسٹیشن کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلیے بلاک چین ٹیکنالوجی کے انضمام کا حتمی منصوبہ منظور کر لیا جس کا مقصد نظام کو مؤثر، تیز و شفاف بنانا اور درخواست گزاروں کی جسمانی حاضری کی شرط ختم کرنا ہے۔

ایچ ای سی کے مطابق نئے نظام کی تیاری کیلیے خریداری (پروکیورمنٹ) کا عمل مکمل کر لیا گیا اور آئندہ 6 ماہ کے اندر نیا بلاک چین پر مبنی نظام مکمل طور پر فعال ہو جائے گا۔

قائم مقام چیئرمین ایچ ای سی نذیر محمود نے متعلقہ ٹیم کو ہدایت کی کہ وہ اس منصوبے کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرے اور اس کے جلد از جلد عملی نفاذ کو یقینی بنائے۔ بریفنگ کے دوران انہیں بتایا گیا کہ نئے نظام کے تحت اب درخواست گزاروں کو کسی بھی قسم کی دستاویزات جسمانی طور پر جمع کروانے یا ایچ ای سی کے دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: سویڈن کا پاکستانی طلبہ کے لیے اسکالرشپ کا آغاز

وہ تمام 25 اعلیٰ تعلیمی ادارے جنہوں نے مکمل طور پر انٹرپرائز ریسورس پلاننگ (ای آر پی) سسٹم نافذ کر رکھا ہے ان کے طلبہ کا ریکارڈ براہ راست بلاک چین کے ساتھ خودکار طور پر منسلک ہو جائے گا۔

ان اداروں سے فارغ التحصیل ہونے والے طلبہ کو کسی بھی قسم کی دستاویزات جمع کروانے کی ضرورت نہیں پڑے گی کیونکہ گریجویشن کے ساتھ ہی ان کی ڈگری ایچ ای سی کے بلاک چین سسٹم میں شامل کر دی جائے گی جس کی تصدیق شدہ رسائی ایچ ای سی پورٹل کے ذریعے ممکن ہوگی۔

ایسے تعلیمی ادارے جن میں تاحال ای آر پی سسٹم موجود نہیں وہاں کے طلبہ اپنی ڈگریاں اور ٹرانسکرپٹس ایچ ای سی پورٹل کے ذریعے آن لائن جمع کرائیں گے جو متعلقہ یونیورسٹی کے ڈیش بورڈ پر ارسال کی جائیں گی۔ یونیورسٹی کی جانب سے تصدیق کے بعد یہ ریکارڈ بلاک چین کا حصہ بنا دیا جائے گا۔

نئے نظام کے تحت ڈگری کی تصدیق مکمل طور پر آن لائن ہوگی اور تمام ریکارڈ ڈیجیٹل طور پر محفوظ کیا جائے گا جس سے فوری، محفوظ اور ناقابلِ جعلسازی رسائی ممکن ہو سکے گی۔ تصدیق کے بعد ڈگریاں ایچ ای سی کے بلاک چین پر محفوظ کر دی جائیں گی جس سے سرکاری ادارے، وزارتِ خارجہ، سفارتخانے اور نجی ادارے فوری تصدیق حاصل کر سکیں گے۔

ایچ ای سی حکام کے مطابق اس جدید نظام کے نفاذ کے بعد ڈگری اٹیسٹیشن کا عمل مکمل طور پر کاغذ سے پاک، خودکار اور شفاف ہو جائے گا جبکہ دستی مہروں اور جسمانی دستاویزات کی ضرورت بھی ہمیشہ کیلیے ختم ہو جائے گی۔