عمران خان سکیورٹی رسک کے سوال پر ترجمان پاک فوج کا دوٹوک جواب
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سکیورٹی رسک ہیں کے سوال پر دو ٹوک جواب دے دیا۔
فائل فوٹو
راولپنڈی: (سنو نیوز) ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سکیورٹی رسک ہیں کے سوال پر دو ٹوک جواب دے دیا۔

پریس کانفرنس کے دوران صحافی نے ڈی جی آئی ایس پی آر سے سوال کیا کہ کیا واقعی عمران خان سکیورٹی رسک ہیں؟ کہیں ایسا تو نہیں ہو گا کہ کچھ عرصہ بعد بیانیہ پھر سے تبدیل ہو جائے گا؟

صحافی نے کہا کہ مختلف ادوار میں فاطمہ جناح، بینظیر بھٹو ، نواز شریف اور مریم نواز کو کبھی نہ کبھی کسی نہ کسی موقع پر سکیورٹی تھریٹ اور غدار کہا گیا۔

انہوں نے کہا کہ جس شخص کو آج ملک کیلئے سب سے بڑا سکیورٹی رسک کہا جا رہا ہے، آج سے سات آٹھ برس پہلے اسی شخص کو ملک کا سب سے بڑا سیاسی رہنما کہنے کا بیانیہ بنایا گیا تھا، کیا ایسا تو نہیں ہو گا کچھ عرصہ بعد پھر کہا جائے کہ 2025 میں جو پریس کانفرنس ہوئی تھی وہ غلط تھی عمران خان سکیورٹی تھریٹ نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایک ذہنی مریض پاک فوج کیخلاف بیانیہ بنا رہا، اسکی سیاست ختم ہو چکی

صحافی کے سوال پر ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے جواب دیا کہ اگر ماضی میں دیکھا جائے تو کبھی ایسا نہیں ہوا کہ پاک فوج نے کسی بھی سیاسی رہنما کیلئے اس طرح کا سخت بیانیہ رکھا ہو، اس طرح کی بات چیت ماضی میں کسی کے بارے میں ہم نے کبھی نہیں کی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ماضی میں ہم نے کبھی کسی سیاسی رہنما کے خلاف اس طرح کی باتیں نہیں کیں، لیکن اب وقت آگیا ہے کہ بتایا جائے جو بیانیہ ریاست اور افواج کے خلاف بنا رہا ہے وہ کون بنا رہا ہے۔

ترجمان پاک نے صحافی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جو بھی آپ نے نام لیے ان میں سے کسی نے یہ کام نہیں کیا جو یہ (عمران خان) کر رہا ہے۔