ترجمان الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کہا ہے کہ اراکین پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلی ممبران کے گوشوارے برائے مالی سال 25-2024 جمع کروانے کی حتمی تاریخ 31 دسمبر 2025 ہے، الیکشن ایکٹ 2017 کی دفعہ 137 کے تحت تمام اراکین پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلی کے ممبران کے لئے گوشوارے جمع کرانا لازم ہے۔
ای سی پی ترجمان کا کہنا تھا کہ ممبران اپنے بشمول شریک حیات و زیر کفالت بچوں کے اثاثوں اور واجبات کے گوشوارے الیکشن کمیشن کے پاس جمع کروا دیں، سیکشن 137 کی ذیلی شق 2 کے تحت کمیشن مقررہ تاریخ تک مطلوبہ گوشوارے جمع نہ کروانے والوں کے نام شائع کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا حکومت کا 9 مئی کے مزید مقدمات ختم کرنے کا فیصلہ
ترجمان نے کہا کہ کمیشن 15 جنوری تک مذکورہ گوشوارے جمع نہ کروانے والے اراکین پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلیوں کے ممبران کی رکنیت معطل کر دے گا، مذکورہ گوشوارے جمع نہ کروانے تک ممبران پارلیمنٹ واسمبلی کی کسی بھی کارروائی میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔
الیکشن کمیشن ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ کمیشن گوشواروں میں غلط معلومات فراہم کرنے والے ممبرکے خلاف کارروائی کرے گا، ممبران اسمبلی فارم بی الیکشن کمیشن دفاتر،سینیٹ سیکرٹریٹ ، قومی و صوبائی اسمبلیوں کے سیکرٹریٹ سے حاصل کر سکتے ہیں ۔