لاہور میں بسنت کب منائی جائے گی؟ تاریخ سامنے آگئی
بسنت
صوبائی دارالحکومت لاہور میں بسنت کے انعقاد کے لیے سینئر وزیر کی جانب سے اجلاس طلب کیا گیا/ فائل فوٹو
لاہور (ویب ڈیسک) صوبائی دارالحکومت لاہور میں بسنت کے انعقاد کے لیے سینئر وزیر کی جانب سے اہم اجلاس طلب کر لیا گیا، جہاں اس تہوار کی ممکنہ تاریخوں، انتظامی اقدامات اور سکیورٹی پلان پر جامع مشاورت کی جائے گی۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ مختلف حلقوں کی جانب سے فروری اور مارچ میں بسنت منانے کی تجاویز سامنے آئی ہیں۔ تجویز کردہ تاریخوں میں دو آپشن شامل ہیں، پہلا آپشن 14 اور 15 فروری جبکہ دوسرا آپشن 21 اور 22 مارچ کو بسنت فیسٹیول منانے کا ہے۔ یہ دونوں جوڑیاں موسم، انتظامی سہولیات اور شہریوں کی شرکت کو مدنظر رکھتے ہوئے دی گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بینظیر ہنرمند پروگرام میں شامل ہونے کا طریقہ جانیے

تاہم، بسنت کی حتمی منظوری ابھی تک نہیں دی گئی۔ فیصلے کا مکمل انحصار پنجاب حکومت کی جانب سے جاری کیے جانے والے احکامات پر ہوگا۔ ڈپٹی کمشنر لاہور صرف اسی صورت بسنت کی دو روزہ اجازت جاری کریں گے جب انہیں صوبائی حکومت کی جانب سے واضح ہدایات موصول ہوں گی۔ اس لیے فی الحال بسنت کا انعقاد ایک تجویز کے طور پر زیرِ غور ہے، جبکہ حتمی اعلان حکومتی فیصلے کے بعد سامنے آئے گا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں نہ صرف تاریخوں پر بحث ہوگی بلکہ بسنت سے متعلق حفاظتی اقدامات بھی تفصیل سے زیرِ غور آئیں گے۔ یہ بات خاص طور پر اہم ہے کیونکہ ماضی میں بسنت کے دوران ڈور پھرنے کے باعث کئی حادثات پیش آتے رہے ہیں، جو اس تہوار کے انعقاد کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ رہے ہیں۔

شہری حلقوں اور کاروباری برادری نے بسنت کی ممکنہ بحالی کا خیر مقدم کیا ہے، کیونکہ یہ تہوار نہ صرف شہر کے ماحول میں رنگینی اور خوشی کا باعث بنتا ہے بلکہ ہوٹلنگ، ٹورزم، ریستوران اور تفریحی کاروباروں میں بھی نمایاں اضافہ کرتا ہے۔ تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ اب زیرِ غور اجلاس کے نتائج پر منحصر ہوگا۔