اس اقدام کے بعد شہری اب طویل قطاروں اور گھنٹوں کے انتظار سے بچتے ہوئے گھر بیٹھے پاسپورٹ کے رینیول کیلئے درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔
محکمہ پاسپورٹ کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری کی گئی ایک ویڈیو میں شہریوں کو قدم بہ قدم پورا طریقہ کار بتایا گیا ہے۔
ویڈیو میں بتایا گیا پاسپورٹ رینیول کے خواہشمند افراد آفیشل ویب سائٹ www.onlinemrp.dgip.gov.pk پر جائیں، اگر صارف کا پہلے سے اکاؤنٹ موجود ہے تو وہ براہ راست لاگ ان کرسکتا ہے، تاہم نئے صارفین کو رجسٹر کے بٹن پر کلک کرنا ہوگا۔
رجسٹریشن فارم میں صارف کو اپنا درست موبائل نمبر، ای میل ایڈریس، بنیادی معلومات اور دیگر لازمی تفصیلات فراہم کرنا ہوں گی۔
تمام معلومات بھرنے کے بعد دیا گیا سکیورٹی کوڈ درج کریں اور نیکسٹ پر کلک کریں، اس کے بعد صارف کو ای میل پر ایک ویریفکیشن لنک موصول ہوگا جسے اوپن کرکے ویریفکیشن مکمل کرنا لازمی ہے۔ اکاؤنٹ کی رجسٹریشن مکمل ہونے کے بعد صارف اپنا ای میل اور پاس ورڈ درج کرکے لاگ ان کرسکتا ہے۔
ویڈیو میں مزید بتایا گیا کہ لاگ ان کے بعد نئی درخواست جمع کرانے کا آپشن سامنے آئے گا، جہاں پانچ مختلف کیٹیگریز میں سے اپنی ضرورت کے مطابق اپشن منتخب کیا جاسکتا ہے۔ شہری آن لائن پاسپورٹ رینیول کی درخواست اسی وقت دے سکیں گے جب ان کے پاسپورٹ کی میعاد ایک سال سے کم رہ گئی ہو۔
یہ بھی پڑھیں:16 سال سے کم عمر موٹرسائیکل سواروں کیلئے بڑی خوشخبری
ذہن نشین رہے کہ پاسپورٹ میں بڑا تغیر، جیسے نام یا پیشہ تبدیل کرنے کی سہولت آن لائن پورٹل کے ذریعے دستیاب نہیں ہوگی۔
محکمہ نے شہریوں کی آسانی کیلئے ڈراپ ڈاؤن لسٹ میں قریبی پاسپورٹ آفس کا انتخاب کرنے کی سہولت بھی دی ہے، اس کا مقصد ہے کہ کسی وجہ سے درخواست دینے والے کو آفس جانا پڑے تو وہ زیادہ دور نہ جانا پڑے۔
ویڈیو میں آن لائن اپ لوڈ کی جانے والی فوٹو کے معیار کے بارے میں بھی اہم معلومات فراہم کی گئی ہیں، درخواست دہندگان کیلئے ضروری ہو گا کہ وہ اپنی تصویر اور دیگر دستاویزات 1 ایم بی سے کم سائز میں اپ لوڈ کریں، تمام فائلیں صرف PNG، JPG یا JPEG فارمیٹ میں قبول کی جائیں گی۔