ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ پارٹی قائد نواز شریف کی سربراہی میں ہونے والے اہم اجلاس میں کیا گیا، جہاں شرکاء نے متفقہ طور پر عابد شیر علی کے نام کی توثیق کی۔
پارٹی رہنماؤں نے اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا کہ عابد شیر علی پارٹی کے فعال اور تجربہ کار رہنما ہیں، اس لیے انہیں سینیٹ کا ٹکٹ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں آئندہ ضمنی الیکشن کی حکمتِ عملی اور انتخابی تیاریوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
یاد رہے کہ مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور معروف کالم نگار سینیٹر عرفان صدیقی گزشتہ ماہ انتقال کر گئے تھے، جس کے بعد یہ نشست خالی ہو گئی تھی، عرفان صدیقی سینیٹ میں ن لیگ کے اہم اور مؤثر آواز تصور کیے جاتے تھے۔
یہ بھی پڑھیں:عمران خان کی ڈاکٹرز سے معائنے کیلئے درخواست دائر
الیکشن کمیشن پنجاب نے اس نشست پر ضمنی الیکشن کا شیڈول بھی جاری کر دیا ہے۔ ترجمان کے مطابق امیدوار 4 اور 5 دسمبر کو کاغذاتِ نامزدگی جمع کرا سکیں گے، جبکہ امیدواروں کی ابتدائی فہرست 6 دسمبر کو شائع کی جائے گی۔
نامزدگی فارم کی اسکروٹنی 8 دسمبر کو ہوگی اور امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست 13 دسمبر کو جاری کی جائے گی، امیدوار 15 دسمبر تک اپنے کاغذات واپس لے سکیں گے، جبکہ پولنگ 24 دسمبر کو پنجاب اسمبلی میں منعقد ہوگی۔