عمران خان کی ڈاکٹرز سے معائنے کیلئے درخواست دائر
بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)
عمران خان کی جانب سے شوکت خانم ہسپتال کے ڈاکٹرز سے طبی معائنے کی اجازت کے لیے درخواست دائر کی گئی/ فائل فوٹو
اسلام آباد (ویب ڈیسک) اسلام آباد ہائی کورٹ میں بانی تحریکِ انصاف عمران خان کی جانب سے شوکت خانم ہسپتال کے ڈاکٹرز سے طبی معائنے کی اجازت کے لیے درخواست دائر کر دی گئی۔ درخواست وزیرِاعلیٰ خیبرپختونخواسہیل آفریدی کے ذریعے جمع کرائی گئی ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سابق وزیراعظم ہیں اور انہیں مختلف طبی مسائل کا سامنا ہے، اس لیے بہتر علاج اور درست تشخیص کے لیے شوکت خانم ہسپتال کے ماہر ڈاکٹرز سے معائنہ کرانا ضروری ہے۔ درخواست میں حکومتِ پنجاب کو جیل ڈیپارٹمنٹ کے ذریعے فریق بنایا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سے امریکی قونصل جنرل کی اہم ملاقات

ادھر سول جج مرید عباس نے بانی تحریک انصاف کے خلاف خاتون جج کو دھمکی دینے سے متعلق کیس کی سماعت ہائی کورٹ کو لکھے گئے خط کا جواب نہ آنے کے باعث 17 دسمبر تک ملتوی کر دی۔ آئندہ تاریخ پر پیش رفت رپورٹ طلب کر لی۔

بانی پی ٹی آئی سے آج جمعرات کو رفقاء کی ملاقات کا دن ہے۔ تحریک انصاف نے چھ اراکین کی فہرست جیل حکام کو بھجوا دی۔ سلمان اکرم راجہ کی جاری کردہ فہرست چودھری اویس یونس ایڈووکیٹ نے جیل حکام کے حوالے کی۔ وزیراعلی خیبرپختونخوا سہیل آفریدی ملاقات کے لئے جیل آئیں گے، ایم این اے شاہد خٹک، صوبائی وزیر شفقت ایاز اراکین کے پی کے اسمبلی عاصم خان ریاض خان اور ارشد ایوب کا نام فہرست میں شامل ہے۔