اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے صوبے بھر میں ایس ٹی آئی بھرتی کے عمل کے لیے نیا ٹائم لائن جاری کیا ہے جو منگل کے روز تمام اضلاع کو فراہم کیا گیا۔
محکمے کے مطابق نیا شیڈول امیدواروں کے لیے میرٹ لسٹ سے لے کر انٹرویو اور آخری سلیکشن تک ہر مرحلے کی بہتر مانیٹرنگ کو ممکن بنانے کے لیے ترتیب دیا گیا ہے۔
پنجاب بھر کے اسکول 3 دسمبر کو ابتدائی میرٹ لسٹ آویزاں کریں گے جس سے امیدوار اپنی پوزیشن چیک کر سکیں گے۔ جن امیدواروں کو اپنی پوزیشن پراعتراض ہو وہ 4 اور 5 دسمبر کو مقررہ تحصیل سطح کے دفاتر میں اعتراضات جمع کرا سکیں گے۔ شکایات کو وہیں موقع پر حل کیا جائے گا تاکہ شفافیت اور تیزی برقرار رکھی جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: سال کے آغاز پر 6 سرکاری چھٹیوں کا اعلان
شارٹ لسٹ کیے گئے امیدوار6 اور7 دسمبر کو انٹرویو دیں گے جن میں حکام ان کی تدریسی صلاحیت، تعلیمی کارکردگی، کمیونیکیشن اسکلز اور مختلف اسکولوں کے لیے موزونیت کا جائزہ لیں گے۔
محکمے نے تصدیق کی ہے کہ حتمی میرٹ لسٹ 8 دسمبر کو اسکول نوٹس بورڈز اور سرکاری ایس ٹی آئی آن لائن پورٹل پر جاری کی جائے گی۔ کامیاب امیدوار 9 دسمبر کو اپنی تقرری کے آرڈرز ڈاؤن لوڈ کر سکیں گے جو بھرتی کے عمل کا آخری مرحلہ ہوگا۔
اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے تمام اسکول سربراہان، ضلعی حکام اور امیدواروں کو ہدایت کی ہے کہ نئے شیڈول کی مکمل پابندی کریں تاکہ بھرتی کا عمل شفاف، منظم اور بلا تعطل مکمل ہو سکے۔