ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے صوبے بھر کے سی ٹی اوز اور ڈی ٹی اوز کو خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے واضح کیا کہ کم عمر ڈرائیور کے چالان کی صورت میں ایف آئی آر ڈرائیور کے بجائے گاڑی کے مالک کIخلاف درج کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق کم عمر ڈرائیورز کیخلاف اب کوئی ایف آئی آر نہیں کاٹی جائے گی بلکہ صرف چالان کیا جائے گا، تاہم گاڑی کا مالک اس قانون کی خلاف ورزی کا براہِ راست ذمہ دار ہوگا۔ اس فیصلے کا مقصد نوجوانوں کے مستقبل کو محفوظ بنانا اور کم عمر ڈرائیونگ کے خطرناک رجحان کی روک تھام ہے۔
ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب کا کہنا تھا کہ صوبے میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس نافذ ہے اور قانون سب کیلئے برابر ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پنجاب کی 43 ڈسٹرکٹ اور 170 تحصیل بارز میں پولیس کا داخلہ بند
انہوں نے خصوصی طور پر کمرشل، پبلک سروس اور سرکاری گاڑیوں کو خبردار کیا کہ قوانین کی خلاف ورزی پر کارروائی مزید سخت ہوگی۔
اسی سلسلے میں فیلڈ افسران کو ڈیوٹی کے دوران باڈی کیم کے لازمی استعمال کی ہدایت کردی گئی ہے تاکہ شفافیت برقرار رہے اور کسی قسم کی بدسلوکی کا راستہ روکا جاسکے۔ عوامی آگاہی بڑھانے کیلئے تمام بڑے شہروں میں بینرز، بل بورڈز اور اسٹینڈیز لگانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ محفوظ سفر، محفوظ نوجوان اور محفوظ معاشرہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، نئے فیصلوں سے توقع ہے کہ کم عمر ڈرائیونگ میں نمایاں کمی آئے گی اور سڑکوں پر نظم و ضبط میں بہتری پیدا ہوگی۔