حد نگاہ میں بہتری، موٹروے کو ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا
حد نگاہ میں بہتری کے بعد موٹروے کو مختلف مقامات سے ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔
فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) حد نگاہ میں بہتری کے بعد موٹروے کو مختلف مقامات سے ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق دھند میں کمی کے بعد حد نگاہ میں بہتری آنے پر لاہور سیالکوٹ موٹروے کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ موٹروے ایم 3 کو بھی شرقپور تا فیض پور تک ٹریفک کی آمدورفت کے لیے کھول دیا گیا ہے، موٹروے ایم ون بھی صوابی تا برہان عام ٹریفک کی آمدورفت کے لیے کھلی ہے۔

ترجمان کے مطابق موٹروے ایم 11 کو بھی مین ٹال پلازہ تا سمبڑیال تک ٹریفک کی آمدورفت کے لیے کھول دیا گیا ہے۔

موٹروے پولیس ترجمان نے کہا شہری دن کے اوقات میں سفر کو ترجیح دیں، رات کے اوقات میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں، رات کے اوقات میں سفر کی صورت میں فوگ لائٹس کا استعمال کریں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ کسی بھی رہنمائی یا مدد کے لیے موٹروے پولیس کی ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کریں۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں دھند اور سموگ کا خطرہ بڑھ گیا، الرٹ جاری

دوسری جانب صوبائی دارالحکومت لاہور میں سموگ میں کمی آگئی، اے کیو انڈیکس کے مطابق دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں آج لاہور کا چوتھا نمبر ہے۔

شہر کا ایئر کوالٹی انڈیکس 230 ریکارڈ کیا گیا، بھارت کے شہر دہلی کا 283 ایئر کوالٹی انڈیکس کے ساتھ دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پہلا نمبر ہے، طبی ماہرین نے شہریوں کو سموگ کے مضر اثرات سے بچنے کیلئے ماسک استعمال کرنےکی ہدایت کی ہے۔

علاوہ ازیں شہر کا آج کم سے کم درجہ حرارت 08 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت22 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔