پی ٹی آئی کی خاطر شریف برادران پر تنقید کرنے پر افسوس ہے: مروت
رکن قومی اسمبلی و سابق رہنما تحریک انصاف شیر افضل مروت نے پی ٹی آئی کی خاطر شریف برادران کو تنقید کا نشانہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) رکن قومی اسمبلی و سابق رہنما تحریک انصاف شیر افضل مروت نے پی ٹی آئی کی خاطر شریف برادران کو تنقید کا نشانہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ مجھے ماضی میں پی ٹی آئی کے لیے نواز شریف اور شہباز شریف کو برا بھلا کہنے پر پچھتاوا ہے، افسوس ہے میں نے پی ٹی آئی کے لیے شریف برادران کو برا بھلا کہا۔

ان کا کہنا تھا کہ میں صرف تحریک انصاف کی خاطر شہباز شریف اور نواز شریف پر تنقید کی لیکن یہ شریف برادران کا وصف ہے کہ انہوں نے کبھی جواب نہیں دیا البتہ پی ٹی آئی نے مجھے جواب دے دیا۔

شیر افضل مروت نے کہا کہ میں نے پی ٹی آئی کے لیے نواز شریف اور شہباز شریف کی تضحیک کی تھی لیکن اس سب کا جواب ان میں سے کسی نے نہیں دیا البتہ پی ٹی آئی سے اختلاف پر اس کا سوشل میڈیا گالم گلوچ کر رہا ہے۔

مستقبل میں پی ٹی آئی میں رہنے یا ن لیگ میں شمولیت سے متعلق سوال پر شیر افضل مروت نے جواب دیا کہ میری کبھی کسی سے کوئی خفیہ ملاقاتیں یا خفیہ رابطے نہیں رہے ، میں اب بھی کسی جماعت کا حصہ نہیں ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: نو مئی کیس، عمر ایوب، زرتاج گل و دیگر اشتہاری قرار

رکن قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ یہ تو سوال ہی نہیں پیدا ہوتا کہ میں پی ٹی آئی ہی میں رہوں، میں ابھی اس پوزیشن پر ہوں کہ جو اچھا لگتا ہے اس کی تعریف کرتا ہوں جو برا لگتا ہے اس کو برا کہتا ہوں۔

واضح رہے کہ رکن اسمبلی شیر افضل مروت نے وزیر اعظم شہباز شریف سے ان کی نشست پر آ کر مصافحہ کیا تھا جس کے بعد شہباز شریف نے نواز شریف سے شیر افضل مروت کو ملوایا اور ان کا تعارف کرایا تھا۔

علاوہ ازیں ایک ٹی وی شو کے دوران بھی شیر افضل مروت نے کہا تھا کہ میں نواز شریف کے ظرف کا معترف ہوں۔