ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب وقاص نذیر نے قانون شکن عناصر کے خلاف جدید ٹیکنالوجی استعمال کرنے کی ہدایت کر دی، ابتدائی طور پر زیادہ رش اور گنجان علاقوں میں ڈرون ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد ، راولپنڈی اور ملتان کے گنجان علاقوں میں ڈورنز کا استعمال کیا جارہا ہے، ڈرونز کے ساتھ ساتھ ٹریفک کوئیک فورس کی ٹیمیں بھی تشکیل دی جائیں گی، ڈورنز کی نشاندہی پر کوئیک ریسپانس ٹیمیں فوری ایکشن لیں گی۔
ڈی آئی جی ٹریفک پولیس وقاص نذیر نے کہا ہے کہ کم عمر ڈرائیورز ، بغیر ہیلمٹ ، ون وے ٹریفک کی خلاف ورزی اور بغیر لائسنس ہرگز برداشت نہیں ، ٹریفک قوانین میں ترمیم شہریوں کے تحفظ کے لیے کی گئی ہے۔
انہوں نے شہریوں سے التماس کی کہ ٹریفک قوانین کی پاسداری مہم میں شہری ٹریفک پولیس کا ساتھ دیں، شہری بھاری جرمانوں اور قانونی کارروائیوں سے بچنے کے لیے ٹریفک قوانین کا احترام کریں۔
یہ بھی پڑھیں: ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے لیے نئی سزا متعارف
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں پنجاب حکومت نے ٹریفک اصلاحات متعارف کرا ئی ہیں جو صوبے کے دہائیوں پرانے ٹریفک نظام میں اب تک کی سب سے بڑی تبدیلی قرار دی جا رہی ہے۔
نئے قوانین کے تحت ٹریفک کی بار بار خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کو نیلام کیا جائے گا، حکومت نے واضح کیا ہے کہ سرکاری گاڑیاں بھی اس قانون سے مستثنیٰ نہیں ہوں گی اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی کسی بھی سرکاری گاڑی پر بھاری جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
نابالغ ڈرائیورزکو روکنے کے لیے سخت کریک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا ہے، نابالغوں کے ہاتھوں چلنے والی گاڑیوں کے مالکان کو چھ ماہ تک قید کی سزا ہو سکتی ہے، حکومت نے بسوں کی چھتوں پر سفر کرنے کے خاتمے کے لیے بھی صوبہ بھر میں کریک ڈاؤن کا حکم دیا ہے۔