اسلام آباد: ضلعی عدالتوں میں موسمِ سرما کی تعطیلات کا اعلان
ضلعی عدالتیں
وفاقی دارالحکومت کی ضلعی عدالتوں میں موسمِ سرما کی تعطیلات کا باقاعدہ اعلان کیا گیا/ فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی دارالحکومت کی ضلعی عدالتوں میں موسمِ سرما کی تعطیلات کا باقاعدہ اعلان کر دیا گیا ہے۔

 رجسٹرار اسلام آباد ہائیکورٹ محمد یار ولانہ کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق 24 دسمبر 2025 سے یکم جنوری 2026 تک ضلع اور تحصیل کی سطح پر تمام عدالتیں تعطیل پر رہیں گی۔ یہ تعطیلات ہر سال کی طرح موسمِ سرما میں شدید ٹھٹھرتی سردی، کم درجہ حرارت اور دھند کے بڑھتے ہوئے خدشات کے پیشِ نظر دی جا رہی ہیں تاکہ وکلاء، سائلین اور عدالتی عملے کو موسمی مشکلات سے محفوظ رکھا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں: تعلیمی اداروں میں موسمِ سرما کی تعطیلات کا شیڈول جاری

 نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ تعطیلات کے باوجود عدالتی دفاتر کھلے رہیں گے۔ عدالتی عملہ اپنی ڈیوٹی سرانجام دیتا رہے گا جبکہ اس عرصے میں ارجنٹ نوعیت کے کیسز، فوری نوعیت کی درخواستوں اور پہلے سے فکس بعض مقدمات کی باقاعدہ سماعت بھی جاری رہے گی۔ رجسٹرار آفس کے مطابق فوجداری نوعیت کے کئی کیسز، ریمانڈ کی درخواستیں اور بعض اہم آئینی درخواستیں موسم سرما کی تعطیلات کے دوران بھی نمٹائی جائیں گی تاکہ سائلین کو غیر ضروری تاخیر کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق زیرِ سماعت ایسے مقدمات جن کی فوری پیروی ضروری ہے، اُن کے لیے آن ڈیوٹی ججز مقرر کیے جائیں گے۔ ان ججز کی فہرست علیحدہ طور پر سرکولٹ کی جائے گی تاکہ شہریوں اور وکلاء کو معلوم رہے کہ تعطیلات کے دوران کن عدالتوں میں کس قسم کے معاملات سنے جائیں گے۔ رجسٹرار ہائیکورٹ نے ہدایت کی ہے کہ اس دوران تمام عدالتی افسران اور اسٹاف اپنی ذمہ داریاں پابندی سے ادا کریں اور کسی بھی اہم معاملے میں تاخیر نہ برتی جائے۔

اسلام آباد کی ضلعی عدالتیں 2 جنوری 2026 کو معمول کے مطابق دوبارہ کھل جائیں گی، جہاں تعطیلات کے دوران جمع ہونے والے معمول کے مقدمات کی شنوائی دوبارہ شروع ہو جائے گی۔ قانونی ماہرین کے مطابق اس قسم کی تعطیلات نہ صرف عدالتی نظام کے لیے ضروری ہیں بلکہ یہ عملہ، وکلاء اور سائلین کو موسمی سختیوں سے کچھ حد تک ریلیف بھی فراہم کرتی ہیں۔