وزیرِاعلیٰ خیبر پختونخوا کا ہر ہفتے کابینہ اجلاس بلانے کا فیصلہ
KP Cabinet Meeting
فائل فوٹو
پشاور: (ویب ڈیسک) خیبر پختونخوا کے وزیرِاعلیٰ سہیل آفریدی نے صوبائی انتظامی امور میں بہتری اور تیزی لانے کیلئے ہر ہفتے کابینہ کا اجلاس بلانے کا فیصلہ کر لیا۔

اس سلسلے میں چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کو ضروری اقدامات کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری عابد مجید نے چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ کو ایک باضابطہ مراسلہ جاری کیا، جس میں واضح کیا گیا ہے کہ کابینہ کا اجلاس اب باقاعدگی سے ہر جمعہ کے روز ہوگا۔

جاری کردہ مراسلے کے مطابق وزیرِاعلیٰ نے ہدایت کی کہ تمام محکمے اجلاس کی تیاری کریں اور اجلاس میں پیش کیے جانے والے امور پر مکمل بریفنگ کا انتظام یقینی بنایا جائے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق اس فیصلے کا بنیادی مقصد محکموں کی کارکردگی کا مؤثر جائزہ لینا، فوری نوعیت کے معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا اور مختلف ترقیاتی و انتظامی ایشوز پر بروقت پیش رفت کو یقینی بنانا ہے۔

کابینہ اجلاسوں کے تسلسل سے نہ صرف حکومتی امور میں شفافیت بڑھے گی بلکہ متعلقہ محکمہ جات کی کارکردگی کا باقاعدہ محاسبہ بھی ممکن ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں:سہیل آفریدی کا اڈیالہ جیل کے باہر احتجاج کا اعلان

وزیرِاعلیٰ کے فیصلے سے متعلق مراسلے میں چیف سیکرٹری کو تمام وزراء اور متعلقہ محکموں کو اس شیڈول سے آگاہ کرنے کی ہدایت کی گئی، تاکہ تمام ادارے پیشگی تیاری کے ساتھ اجلاس میں شریک ہوسکیں۔

سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ کابینہ اجلاسوں کا ہفتہ وار انعقاد صوبائی حکومت کی انتظامی کارکردگی میں بہتری لانے کیلئے ایک مثبت قدم ثابت ہوسکتا ہے، جس کے اثرات براہِ راست عوامی خدمات میں بھی نظر آئیں گے۔ 

ضرور پڑھیں