محفوظ پنجاب کا منصوبہ، ہر شہری کا موبائل سیف سٹی کیمرہ
Safe City
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) سیف سٹی نے موبائل فون کو براہِ راست لائیو فیڈ کے ذریعے کنٹرول روم سے جوڑ کر ایمرجنسی ریسپانس کو جدید اور تیز بنا دیا ہے۔

پنجاب میں ہر شہری کا موبائل فون سیف سٹی کا کیمرہ بن گیا، وزیراعلیٰ پنجاب کے محفوظ پنجاب ویژن کے تحت پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے شہریوں کی حفاظت کے لیے اہم قدم اٹھایا ہے۔

اس اہم انقلابی منصوبے کا مقصد سنگین واقعات کے ویڈیو شواہد فوری طور پر سیف سٹی سے شیئر کرنا ہے تاکہ ریسپانس ٹائم کو کم کیا جا سکے اور مدد جلد پہنچ سکے۔ اس سلسلے میں سیف سٹی کی پبلک سیفٹی ایپ میں جدید کنیکٹ ٹو پی ایس سی اے فیچر شامل کیا گیا ہے جس کے ذریعے شہری اپنے موبائل کیمرے کو براہِ راست سیف سٹی کنٹرول روم سے منسلک کر سکیں گے۔

اس فیچر کے تحت شہری کسی بھی اہم یا ہنگامی موقع کی لائیو ویڈیو فوری طور پر سیف سٹی کو فراہم کر سکیں گے جس سے اصل صورتحال کا اندازہ فوری لگایا جا سکے گا۔

یہ بھی پڑھیں: سری لنکن خاتون 18سال بعد اپنے بچوں سے دوبارہ ملنے کے قابل

ترجمان سیف سٹی کے مطابق ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر کال کرنے پر سیف سٹی آفیسر شہری کو فوری لائیو فیڈ کا خصوصی لنک بھیجے گا۔ لنک اوپن کرتے ہی شہری کے موبائل کا لائیو کیمرہ براہِ راست سیف سٹی کنٹرول روم سے منسلک ہو جائے گا جس سے موقع واردات کی صورتحال کو حقیقی وقت میں دیکھا جا سکے گا اور فوری امدادی کارروائی ممکن ہوگی۔

ترجمان نے واضح کیا ہے کہ یہ سروس صرف ایمرجنسی کی صورتحال میں استعمال کے لیے ہے اور شہریوں سے درخواست ہے کہ موبائل کی لوکیشن آن رکھیں تاکہ درست مقام کی نشاندہی ہوسکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہری غیر ضروری ویڈیوز شیئر نہ کریں کیونکہ اس فیچر کا مقصد صرف ہنگامی مدد اور بروقت کارروائی کو یقینی بنانا ہے۔