کراچی میں موسم کیسا رہے گا؟ محکمہ موسمیات نے بتا دیا
Karachi weather forecast
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) شہرِ قائد میں موسم سرما کی خنکی بڑھنے لگی، آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم خشک جبکہ رات کے اوقات میں خنک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں دن بھر تیز اور خشک ہوائیں چلتی رہیں گی جو رات کے وقت سردی میں مزید اضافہ کر دیں گی۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 14 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرنے کا امکان ہے، جو شہریوں کو خنکی خاص محسوس کرائے گا۔ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28 سے 30 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی توقع ہے، جس کے باعث دن کے اوقات میں موسم معمولی گرم جبکہ شام کے بعد خنک ہو جائے گا۔

دوسری طرف بلوچستان کے شمالی علاقوں میں سردی نے شدت اختیار کر لی، وادی زیارت، قلات اور کوئٹہ میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے کئی درجے نیچے ریکارڈ کیا گیا ہے، جس نے نہ صرف معمولاتِ زندگی متاثر کیے ہیں بلکہ شہریوں کو بھی گھروں میں محدود کر دیا ہے۔

صوبے کے بیشتر اضلاع میں دن کے وقت موسم سرد اور خشک جبکہ رات کو شدید سرد رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پنجاب میں دھند اور سموگ کا خطرہ بڑھ گیا، الرٹ جاری

محکمہ صحت کے مطابق خشک سردی کے باعث بلوچستان میں نزلہ، زکام، کھانسی، گلے کی خراش اور دمے کے مریضوں کی مشکلات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

ماہرینِ صحت نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، گرم کپڑوں کا استعمال بڑھانے اور کھلی فضا میں زیادہ دیر نہ رہنے کی ہدایت کی ہے۔

کراچی کے شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ صبح اور رات کے اوقات میں موٹر سائیکل سوار اضافی حفاظتی لباس کا استعمال کریں تاکہ سرد ہواؤں سے محفوظ رہا جا سکے۔