پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے کہا گیا ہے کہ افغانستان اور بھارتی میڈیا کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور غیر ملکی سماجی رابطے کے اکاؤنٹس سے سابق وزیراعظم پاکستان عمران خان کی خیریت سے متعلق گھناؤنی افواہیں پھیلائی جارہی ہیں۔
پی ٹی آئی کی جانب سے کہا گیا کہ ہم حکومتِ وقت اور وزارتِ داخلہ سے یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ اس افواہ کی فوری و واضح تردید اور وضاحت کرے اور فوری طور پہ عمران خان کی فیملی کی ملاقات کروائی جائے۔
تحریک انصاف نے مطالبہ کیا کہ سابق وزیراعظم عمران خان کی صحت، سلامتی اور موجودہ حیثیت کے بارے میں سرکاری سطح پر شفاف اور باضابطہ بیان جاری کیا جائے اور اس طرح کی خطرناک اور حساس نوعیت کی افواہوں کے پھیلاؤ کے محرکین کی تحقیقات کر کے حقائق قوم کے سامنے رکھے جائیں۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کے قتل کی افواہیں، پنجاب حکومت کی واضح تردید
پی ٹی آئی کیجانب سے کہا گیا کہ قوم اپنے لیڈر کے بارے میں کسی بھی طرح کی غیر یقینی یا ابہام کو برداشت نہیں کرے گی، عمران خان کی سلامتی، بنیادی انسانی حقوق اور آئینی تقاضوں کی حفاظت حکومت کی براہِ راست ذمہ داری ہے۔
پیغام میں مزید کہا گیا کہ پاکستان تحریک انصاف عوام کو یقین دلاتی ہے کہ ہم ان افواہوں کا سدِ باب کرنے اور سچ سامنے لانے کے لیے ہر قانونی اور سیاسی قدم اٹھائیں گے۔