ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی: حکومتی وزرا الیکشن کمیشن کے نشانے پر
ضمنی انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر حکومتی وزرا الیکشن کمیشن (ای سی پی) کے ریڈار پر آگئے۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) ضمنی انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر حکومتی وزرا الیکشن کمیشن (ای سی پی) کے ریڈار پر آگئے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ضابطہ اخلاق کے خلاف ورزی پر وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری کونوٹس جاری کردیا، الیکشن کمیشن نے معاون خصوصی حذیفہ رحمان کوبھی دوبارہ طلب کر لیا ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے وزیر مملکت طلال چودھری اور معاون خصوصی حذیفہ رحمان کو 2 دسمبر کو کمیشن میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے، خیال رہے کہ ا س سے قبل الیکشن کمیشن نے حذیفہ رحمان کو جواب جمع کرانے کی ہدایت کی تھی۔

ای سی پی نے مسلم لیگ ن کے کامیاب امیدواران بلال چودھری اور محمودقادرخان کو بھی نوٹس جاری کردیے، الیکشن کمیشن نے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر کی رپورٹ پر پہلے بھی انتخابی امیدواروں کو نوٹس جاری کیے تھے۔

یہ بھی پڑھیں:  رانا ثناء اللہ الیکشن کمیشن کے ریڈار پر

دوسری جانب الیکشن کمیشن نے وزیراعلی خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کو بھی دوبارہ طلب کر لیا، الیکشن کمیشن نے سہیل آفریدی کے خلاف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا کیس سماعت کے لیے مقرر کر دیا، کیس کی سماعت 4 دسمبر صبح 10 بجے ہو گی۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کو طلبی کا نوٹس بھی جاری کر دیا، ای سی پی کی جانب سے عمر ایوب کی اہلیہ شہرناز عمر ایوب اور این اے 18 سے کامیاب لیگی امیدوار بابر نواز کو بھی نوٹس جاری کیا گیا ہے۔