حج 2026: ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکس کی عارضی بھرتیاں شروع
Hajj 2026 medical staff
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد: (ویب ڈیسک) آئندہ سال حج 2026 کے دوران عازمین حج کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے وزارت مذہبی امور نے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکس اسٹاف کی عارضی بھرتیاں شروع کر دی ہیں۔

وزارت نے عارضی بنیاد پر طبی عملے کی خدمات حاصل کرنے کیلئے اشتہار جاری کیا ہے، جس میں درخواست دہندگان کیلئے واضح شرائط بیان کی گئی ہیں۔

جاری کردہ اشتہار کے مطابق حج مشن کیلئے 98 ڈاکٹرز اور فارماسسٹ جبکہ 196 پیرامیڈیکس اسٹاف کی ضرورت ہے۔ امیدوار ذہنی اور جسمانی طور پر فٹ ہونے کے ساتھ ساتھ امراض قلب، شوگر یا ہائی بلڈ پریشر کے مریض نہیں ہو سکتے، بھرتی کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی ہے۔

حج میڈیکل عملے کیلئے عمر کی حد 25 سے 55 سال رکھی گئی ہے، صرف وہ سرکاری ملازمین اہل ہوں گے جو کم از کم تین سال حاضری کے ساتھ خدمات انجام دے چکے ہوں، ریٹائرڈ اہلکار اس بھرتی کیلئے اہل نہیں ہوں گے۔ درخواستیں 2 دسمبر 2025 تک دی جا سکتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:کراچی: 12 گھنٹے پانی بند رہے گا، اقات کار سامنے آگئے

انتخاب کیلئے این ٹی ایس کے ذریعے تحریری امتحان لیا جائے گا، جس کے ساتھ منتخب افراد کو تمام متعلقہ دستاویزات فراہم کرنا ہوں گی۔ وفاقی حکومت کی پالیسی کے تحت حج میڈیکل مشن میں خواتین کیلئے 30 فیصد کوٹہ مخصوص کیا گیا ہے۔

منتخب طبی اہلکار حج کے دوران حجاز مقدس میں ڈیوٹی انجام دیں گے، سعودی قوانین کی خلاف ورزی یا ڈسپلن کی خلاف ورزی پر انہیں فوری طور پر پاکستان واپس بھیج دیا جائے گا۔

وزارت مذہبی امور کی جانب سے واضح کیا گیا  کہ یہ اقدام عازمین حج کی صحت و حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے انتہائی ضروری ہے۔