کراچی: 12 گھنٹے پانی بند رہے گا، اوقات کار سامنے آگئے
Karachi water shortage
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں آج پانی کی فراہمی 12 گھنٹے تک معطل رہے گی، جس کے باعث متعدد علاقوں میں پانی کی شدید قلت پیدا ہونے کا امکان ہے۔

واٹر کارپوریشن کے ترجمان کے مطابق دھابیجی سب اسٹیشن اور گرڈ اسٹیشن پر کے الیکٹرک کی جانب سے سالانہ مرمتی و مینٹیننس کام کیا جا رہا ہے، جس کیلئے بجلی کی بندش ناگزیر ہے۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ کے الیکٹرک کا مینٹیننس شٹ ڈاؤن صبح 8 بجے سے رات 8 بجے تک جاری رہے گا، جس دوران دھابیجی پمپنگ اسٹیشن مکمل طور پر فعال نہیں رہے گا۔ اس صورتحال کے نتیجے میں شہر کو پانی کی سپلائی میں تقریباً 100 ملین گیلن تک کمی متوقع ہے، جو کہ شہری ضروریات کے مقابلے میں ایک بڑا نقصان ہے۔

پانی کی کمی کے باعث کراچی کے کئی اہم اور گنجان آباد علاقوں میں فراہمی متاثر ہوگی، جن میں لانڈھی، کورنگی، شاہ فیصل کالونی، ڈی ایچ اے، چنیسر ٹاؤن، جناح ٹاؤن، نارتھ ناظم آباد اور گلبرگ ٹاؤن شامل ہیں۔ ان علاقوں میں پانی کی سپلائی جزوی طور پر معطل یا کم پریشر کے ساتھ فراہم ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:دھند کے باعث تعلیمی اداروں کے اوقات کار تبدیل

واٹر کارپوریشن کی جانب سے شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ پانی ذخیرہ کر کے رکھیں اور غیر ضروری استعمال سے گریز کریں تاکہ دن بھر کسی شدید مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

دوسری جانب شہریوں نے پانی کی طویل بندش پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے کام ہفتہ وار یا مرحلہ وار کیے جائیں تاکہ روزمرہ زندگی متاثر نہ ہو۔

انتظامیہ نے یقین دہانی کرائی کہ مرمتی کام مکمل ہوتے ہی پانی کی سپلائی معمول کے مطابق بحال کر دی جائے گی۔