وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا 7 دسمبر کو پشاور میں جلسے کا اعلان
وزیر اعلی خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے 7 دسمبر کو پشاور میں جلسے کا اعلان کردیا۔
فائل فوٹو
پشاور: (سنو نیوز) وزیر اعلی خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے 7 دسمبر کو پشاور میں جلسے کا اعلان کردیا۔

صوبائی دارالحکومت پشاور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ کچھ طاقتور ہمیں بھیڑ بکریاں سمجھ رہے ہیں ، یہ لوگ چاہتے ہیں کہ پاکستان میں آزاد عدلیہ نا ہو۔

انہوں نے کہا کہ 850 دن سے بانی پی ٹی آئی عمران خان جیل میں نا حق قید ہیں، جس ملک کی خاطر وہ اذیت سہہ رہا ہے وہ قوم اس کی خاطر کھڑی ہو گی، 28 ویں ترمیم لائی جا رہی ہے پھر 29ویں لائی جائے گی۔

سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ ہم نے آئین اور قانون کے دائرے میں رہ کر ہر حق لینا ہے، جو ایم این ایز اور ایم پی ایز ہیں ان کو کہتا ہوں کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر کھڑے ہوں، اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر اس لئے باہر احتجاج کرنا ہے کہ ان کے کیسز نہیں لگ رہے۔

یہ بھی پڑھیں: سہیل آفریدی کی الیکشن کمیشن طلبی کا معاملہ، عدالت نے فیصلہ سنا دیا

انہوں نے کہا کہ اس کے بعد یہ ایم پی ایز اور ایم این ایز بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں کے ساتھ اڈیالہ جیل بھی جائیں گے، ہر جمعرات اڈیالہ جیل جاؤں گا جب تک میری ملاقات بانی پی ٹی آئی سے نہیں ہوتی۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کا مزید کہنا تھا کہ 7 دسمبر اتوار کے روز اسی گراؤنڈ میں جلسہ کا اعلان کرتا ہوں۔