پنجاب: پیدائش، وفات، نکاح اور طلاق کی رجسٹریشن گھر بیٹھے کروائیں
پنجاب میں اب پیدائش، وفات، نکاح اور طلاق کی رجسٹریشن گھر بیٹھے کروانے کی سہولت متعارف کروا دی گئی۔
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب میں اب پیدائش، وفات، نکاح اور طلاق کی رجسٹریشن گھر بیٹھے کروانے کی سہولت متعارف کروا دی گئی۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق محکمہ بلدیات پنجاب اور نادرا کے مابین ای رجسٹریشن معاہدہ طے پا گیا جس پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اور ڈی جی نادرا پنجاب نے دستخط کیے۔

معاہدے کے تحت پنجاب کے 3 اضلاع میں اب پیدائش، وفات نکاح اور طلاق کی رجسٹریشن گھر بیٹھے پاک آئی ڈی موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے کرائی جا سکے گی۔

اس حوالے سے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد کا کہنا تھا کہ ابتدائی طور پر پنجاب کے 3 اضلاع جہلم، چکوال اور ننکانہ میں اس سہولت کے پائلٹ پراجیکٹ کو شروع کیا گیا ہے تاہم مستقبل اس سسٹم کو پنجاب بھر کی یونین کونسلز تک وسعت دی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: نادرا نے موسمِ سرما کے اوقاتِ کار میں تبدیلی کر دی

سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کا مزید کہنا تھا کہ نادرا کی پاک آئی ڈی ایپ پر شہریوں کے لیے سہولیات کا دائرہ کار وسیع کیا جا رہا ہے۔

علاوہ ازیں ڈی جی نادرا پنجاب فضا شاہد نے اس حوالے سے کہا کہ پنجاب کے شہری اب گھر بیٹھے موبائل ایپ پر وائٹل ایونٹس کی رجسٹریشن کراسکیں گے جس سے شہریوں کے وقت کی بچت ہوگی دفاتر کے چکروں کے جھنجٹ سے شہریوں کو نجات ملے گی۔

نادرا حکام کا کہنا ہے کہ اس عمل سے تمام درخواستیں ڈیجیٹل طریقے سے پراسیس ہوں گی، جس سے شفافیت اور رفتار میں نمایاں اضافہ ہو گا۔