پولیس اور علیمہ خان میں مذاکرات کامیاب،دھرنا ختم
PTI leadership talks
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) گورکھپور کے مقام پر بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی بہنوں کی جانب سے دیا جانے والا دھرنا پولیس کے ساتھ مذاکرات کے بات ختم کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی بہنوں کی جانب سے دیا جانے والا دھرنا  اُس وقت اختتام پذیر ہوگیا جب پولیس اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) قیادت کے درمیان ہونے والے ابتدائی مذاکرات کامیابی سے مکمل ہوگئے۔ دھرنے میں بڑی تعداد میں کارکن بھی شریک تھے جو عمران خان کی اڈیالہ جیل میں ملاقاتوں کے حوالے سے اپنے مطالبات پیش کر رہے تھے۔

رپورٹس کے مطابق مذاکرات میں علیمہ خان، علامہ ناصر عباس اور دیگر اہم پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنماؤں نے شرکت کی۔ دونوں جانب سے تفصیلی بات چیت کے بعد معاملات پر اتفاق رائے پیدا ہوا۔

پولیس حکام کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) قیادت کو یقین دہانی کروائی کہ عمران خان کی بہنوں کی 27 نومبر کو ملاقات ممکن بنائی جائے گی جبکہ اگلے منگل کو بھی اڈیالہ جیل میں ملاقات کی اجازت دی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں:منی لانڈرنگ کیس: پرویز الہٰی کے وکیل نےعدالتی معاونت کیلئے مہلت مانگ لی

مذاکرات کی کامیابی کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنماؤں نے دھرنا کچھ دیر بعد ختم کرنے کا اعلان کیا۔ اسی دوران پولیس اور انتظامیہ نے موقع پر موجود کارکنوں سے تعاون پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔

معاہدہ طے پانے کے بعد عمران خان کی تینوں بہنیں گاڑی میں سوار ہو کر قافلے کی صورت میں اڈیالہ روڈ سے واپس روانہ ہوگئیں۔ دھرنے کے خاتمے کے نتیجے میں علاقے میں ٹریفک کی روانی بحال ہو گئی اور صورتحال معمول پر آنے لگی۔