جسٹس راجہ انعام منہاس دوران سماعت بے ہوش، اسپتال منتقل
جج اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس راجہ انعام امین منہاس
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس راجہ انعام امین منہاس کی دورانِ سماعت طبیعت اچانک خراب ہوئی/فائل فوٹو
اسلام آباد (ویب ڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس راجہ انعام امین منہاس کی دورانِ سماعت طبیعت اچانک خراب ہوگئی، جس کے بعد انہیں فوری طور پر کلثوم انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کیا گیا۔

عدالتی ذرائع کے مطابق، ڈویژن بنچ کی کارروائی جاری تھی جس کی سربراہی جسٹس راجہ انعام امین منہاس اور جسٹس ارباب محمد طاہر کر رہے تھے کہ اچانک جسٹس انعام امین منہاس بے ہوش ہوکر کرسی پر گر پڑے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی عدم پیروی پر خارج کیا گیا 9 مئی کا کیس بحال

واقعے کی اطلاع ملتے ہی چیف جسٹس سرفراز ڈوگر سمیت اسلام آباد ہائیکورٹ کے دیگر ججز بھی ہسپتال پہنچ گئے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق ڈاکٹرز کی فوری طبی معاونت کے بعد جسٹس راجہ انعام امین منہاس کو ہوش آگیا ہے اور ان کی حالت اب بہتر بتائی جارہی ہے۔

ابتدائی معلومات کے مطابق دورانِ سماعت طبیعت ناساز ہونے کے باعث جسٹس منہاس کو فوری طور پر کارروائی روک کر اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں ان کا طبی معائنہ جاری ہے۔