فشنگ اسکیم کیا ہے؟ پی ٹی اے نے خبردار کر دیا
پی ٹی اے
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی فشنگ سکیمز کے پیش نظر شہریوں کو سخت خبردار کیا/ فائل فوٹو
اسلام آباد (ویب ڈیسک): ملک بھر میں فشنگ دھوکہ دہی کے بڑھتے واقعات کے بعد پی ٹی اے نے شہریوں کو حساس معلومات کے تحفظ کی فوری ہدایات جاری کردیں۔

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے ملک میں بڑھتے فشنگ سکیمز کے پیش نظر شہریوں کو سخت خبردار کرتے ہوئے کہا کہ جعلی ای میلز، مشکوک لنکس اور فریب دینے والی ویب سائٹس کے ذریعے حساس معلومات چوری کی جارہی ہیں لہذا شہری انتہائی احتیاط برتیں۔

ترجمان پی ٹی اے کے مطابق فشنگ اسکیم ایک ایسا منظم فراڈ ہے جس میں ملزمان صارفین کو بھروسہ دلانے کے لیے جعلی شناخت، سرکاری لوگوز اور بینک الرٹس کا سہارا لیتے ہیں تاکہ وہ ان سے او ٹی پی، پاس ورڈز، کریڈٹ کارڈ یا بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات حاصل کر سکیں۔

یہ بھی پڑھیں: برطانیہ کا پاکستان میں نئی ای ویزا سہولت کا اعلان

پی ٹی اے کے مطابق فشنگ اسکیم اس قدر ہوشیاری سے کیے جاتے ہیں کہ آپ فوری کارروائی کرنے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔

شہریوں کو ہدایت کی گئی کہ وہ مشکوک لنکس پر ہر گز کلک نہ کریں، لنکس بھیجنے والے کی تصدیق کریں، اپنی ذاتی معلومات کسی سے شیئر نہ کریں اور مشکوک لنکس کو رپورٹ کریں۔ اتھارٹی نے مزید کہا کہ پی ٹی اے کبھی بھی آپ کی ذاتی معلومات حاصل کرنے کیلیے نہ كال کرے گا اور نہ ہی کوئی ای میل بھیجے گا۔

اتھارٹی نے مزید کہا کہ یہ آگاہی اپنے دوستوں اور اہل خانہ تک پہنچانا ضروری ہے تاکہ سب لوگ سائبر دھوکہ دہی سے محفوظ رہیں۔