تحریک انصاف کا 26 نومبر کو یوم سیاہ منانے کا اعلان
پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی)
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 26 نومبر کو یوم سیاہ منانے کا اعلان کیا/ فائل فوٹو
پشاور (ویب ڈیسک): پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 26 نومبر کو یوم سیاہ منانے کا اعلان کر دیا۔ پی ٹی آئی نے بانی عمران خان کی رہائی کے لیے اسلام آباد میں احتجاج کو ایک سال مکمل ہونے پر یوم سیاہ منانے کا اعلان کیا۔

پی ٹی آئی نے 26 نومبر کو کسی بڑے احتجاج کے بجائے یوم سیاہ منانے کا اعلان کیا۔ پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے صدر جنید اکبر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ تحریک انصاف کی تمام ریجنل تنظیمیں اضلاع کی سطح پر احتجاج کریں۔
انہوں نے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کو ہدایت کی کہ وہ احتجاج کے دوران جاں بحق کارکنوں کی رہائشگاہوں پر جائیں اور لواحقین سے اظہار یکجہتی بھی کریں۔

یہ بھی پڑھیں: علی امین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری جاری

صدر پی ٹی آئی نے کہا پارٹی کی جانب سے حیات آباد پشاور میں قرآن خوانی کی جائے گی اور احتجاج بھی کیا جائے گا۔ پی ٹی آئی کی قیادت نے اپنے کارکنوں کو کسی بڑے احتجاج کے بجائے اپنے اپنے اضلاع کی سطح پر احتجاج کی ہدایت کی ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بے اختیار لوگوں سے مذاکرات کرنے کا کوئی فائدہ نہیں، اگر تمام پارٹیوں کیلئے ایک جیسی لیول پلیئنگ فیلڈ مہیا کریں گے تو حالات بہتر ہوجائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے لئے صوبائی اسمبلی سے قرارداد منظور کی، چیف جسٹس کو خط لکھا، ہائیکورٹ میں پٹیشن بھی دائر کی لیکن اب میرے پاس لیڈر سے ملنے کیلئے احتجاج کے سوا کوئی راستہ نہیں۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کے ہر وار کا توڑ میرے پاس ہے، عمران خان نے مذاکرات کے لیے کمیٹی بنائی لیکن وفاقی حکومت کے پاس اس کا اختیار نہیں، اڈیالہ صرف بات کرنے جا رہا ہوں، کبھی ایف آئی اے تو کبھی الیکشن کمیشن کا نوٹس آجاتا ہے، الیکشن کمیشن نے مجھے جلسے کے بعد طلب کرلیا لیکن یہی الیکشن کمیشن مریم نواز کے خلاف کوئی نوٹس نہیں لیتا۔